رجب المرجب قلب و روح کی تطہیر کا مہینہ ہے ، پیر سید عنایت علی شاہ

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):تحریکِ عشقِ مصطفی انٹرنیشنل کے سربراہ پیر سید عنایت علی شاہ نے کہا ہے کہ رجب المرجب عظمت، رحمت اور برکتوں کا مہینہ ہے، جو اللہ تعالی کی خصوصی عطائوں اور بندوں کی روحانی اصلاح کا ذریعہ بنتا ہے۔ یہ مہینہ درحقیقت شعبان المعظم اور رمضان المبارک کی تیاری کا دروازہ ہے، جس میں عبادات، توبہ و استغفار اور نیکیوں کی طرف رجوع کی خاص فضیلت …

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):تحریکِ عشقِ مصطفی انٹرنیشنل کے سربراہ پیر سید عنایت علی شاہ نے کہا ہے کہ رجب المرجب عظمت، رحمت اور برکتوں کا مہینہ ہے، جو اللہ تعالی کی خصوصی عطائوں اور بندوں کی روحانی اصلاح کا ذریعہ بنتا ہے۔ یہ مہینہ درحقیقت شعبان المعظم اور رمضان المبارک کی تیاری کا دروازہ ہے، جس میں عبادات، توبہ و استغفار اور نیکیوں کی طرف رجوع کی خاص فضیلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ رجب المرجب حرمت والے مہینوں میں شامل ہے، جس میں گناہوں سے بچنے اور نیکیوں کو اختیار کرنے کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ یہ مہینہ انسان کو غفلت سے بیدار کر کے اللہ تعالی کی طرف متوجہ کرتا ہے اور دلوں کو نورِ ایمان سے منور کرتا ہے۔پیر سید عنایت علی شاہ نے کہا کہ رجب المرجب ہمیں واقع معراج النبی کی یاد دلاتا ہے، جو قربِ الہی، نماز کی فرضیت اور امتِ مسلمہ کے لیے عظیم تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مہینے میں کثرت سے درود و سلام، نوافل، روزے، صدقہ و خیرات اور صلہ رحمی کو اختیار کرنا باعثِ سعادت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ رجب المرجب میں اولیائے کرام، صلحائے امت اور بزرگانِ دین کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کر کے اپنی عملی زندگی کو سنتِ رسول ۖ کے مطابق ڈھالنے کا عہد کرنا چاہیے، یہی مہینہ اپنے نفس کا محاسبہ کرنے، دلوں سے کینہ، حسد اور نفرت کو ختم کر کے محبت، اخوت اور امن کو فروغ دینے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

آخر میں پیر سید عنایت علی شاہ نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں رجب المرجب کی برکات سے بھرپور فیض یاب فرمائے، ہمارے گناہوں کو معاف کرے، دلوں کو پاکیزگی عطا فرمائے اور ہمیں رمضان المبارک تک روحانی طور پر مضبوط اور باعمل بنا دے۔ آمین۔