رواں سال کا بڑا ایونٹ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ بیلجیئم و نیدرلینڈز میں ہوگا

لاہور۔6جنوری (اے پی پی):عالمی ہاکی ایک نئے اور فیصلہ کن سال میں داخل ہو چکی ہے جہاں2026 کو بین الاقوامی ہاکی کے لیے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔اس سال کا سب سے بڑا ایونٹ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ بیلجیئم و نیدرلینڈز2026 ہوگاتاہم اس سے قبل دنیا بھر کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں رسائی کیلئے کڑے کوالیفائنگ مرحلے میں حصہ لیں گی، جس کا آغاز فروری کے اختتام پر …

لاہور۔6جنوری (اے پی پی):عالمی ہاکی ایک نئے اور فیصلہ کن سال میں داخل ہو چکی ہے جہاں2026 کو بین الاقوامی ہاکی کے لیے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔اس سال کا سب سے بڑا ایونٹ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ بیلجیئم و نیدرلینڈز2026 ہوگاتاہم اس سے قبل دنیا بھر کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں رسائی کیلئے کڑے کوالیفائنگ مرحلے میں حصہ لیں گی، جس کا آغاز فروری کے اختتام پر ہوگا۔ایف آئی ایچ کے تحت ورلڈ کپ کوالیفائنگ مقابلے فروری اور مارچ 2026 کے دوران تین مختلف براعظموں میں منعقد کئے جائیں گے، ان مقابلوں کے ذریعے مردوں اور خواتین کی سات،سات ٹیمیں ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ہر ٹورنامنٹ میں پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں براہِ راست ورلڈ کپ میں جگہ بنائیں گی جبکہ چوتھی پوزیشن پر رہنے والی ٹیموں میں سے عالمی رینکنگ کی بنیاد پر ایک ٹیم کو اضافی کوالیفائنگ مقام دیا جائے گا۔چلی کے شہر سینٹیاگو میں28 فروری سے8 مارچ تک مردوں اور خواتین دونوں کے کوالیفائنگ مقابلے منعقد ہوں گے۔

خواتین کے ایونٹ میں آسٹریلیا،جاپان،آئرلینڈ،میزبان چلی،فرانس، کینیڈا، ملائیشیا اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیں شامل ہوں گی جبکہ مردوں کے مقابلوں میں فرانس، آئرلینڈ، کوریا، ویلز، اسکاٹ لینڈ، کینیڈا، پولینڈ اور چلی کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔مردوں کے ایک اور اہم کوالیفائنگ ایونٹ کا انعقاد یکم سے7 مارچ تک مصر کے شہر اسماعیلیہ میں ہوگا،جہاں پاکستان کو انگلینڈ،ملائیشیا، میزبان مصر، جاپان، آسٹریا، چین اور امریکا جیسے مضبوط حریفوں کا سامنا کرنا ہوگا۔ماہرین کے مطابق پاکستانی ٹیم کے لیے یہ مرحلہ نہایت اہم ہےکیونکہ یہاں کی کارکردگی ہی ورلڈ کپ میں شمولیت کا فیصلہ کرے گی۔خواتین کے کوالیفائنگ مقابلے8 سے14 مارچ تک بھارت کے شہر حیدرآباد میں منعقد ہوں گے،جہاں انگلینڈ، بھارت، اسکاٹ لینڈ، کوریا، اٹلی، یوراگوئے، ویلز اور آسٹریا کی ٹیمیں عالمی ایونٹ میں جگہ بنانے کے لیے مقابلہ کریں گی۔

کوالیفائنگ مرحلے کے اختتام کے بعد توجہ اگست میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ پر مرکوز ہو جائے گی،جو15 سے30 اگست2026 تک بیلجیم اور نیدرلینڈز میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ میں16 مردوں اور 16 خواتین کی ٹیمیں حصہ لیں گی،جن میں سے ہر کیٹیگری میں9 ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں۔مقابلے بیلجیم کے شہر ویورے اور نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں منعقد ہوں گے۔یہ ہاکی کی تاریخ میں صرف دوسری مرتبہ ہوگا کہ مردوں اور خواتین کا ورلڈ کپ ایک ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے،جسے عالمی ہاکی میں ترقی، ہم آہنگی اور مساوات کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ فروری میں شروع ہونے والے کوالیفائرز سے لے کر اگست کے فائنلز تک2026 کو عالمی ہاکی کے لیے ایک یادگار اور فیصلہ کن سال قرار دیا جا رہا ہے جبکہ پاکستانی شائقین کی نظریں قومی ٹیم کی کارکردگی پر مرکوز ہیں۔