رواں مالی سال کے دوران زرعی شعبہ کی شرح ترقی 2.89 فیصدرہی

اقتصادی سروے رپورٹ 26-2025 کے مطابق رواں مالی سال کے دوران زرعی شعبہ کی شرح ترقی 2.89 فیصد رہی ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران زرعی شعبہ کی شرح نمو 1.53 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):اقتصادی سروے رپورٹ 26-2025 کے مطابق رواں مالی سال کے دوران زرعی شعبہ کی شرح ترقی 2.89 فیصد رہی ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے دوران زرعی شعبہ کی شرح نمو 1.53 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

جمعرات کو یہاں جاری اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کیلئے حکومتی اقدامات اور کاشتکار طبقہ کی بروقت معاونت سے زرعی شعبہ میں فصلوں کے ذیلی شعبہ نے سیلابوں اور قدرتی آفات کے باوجود توقع سے کہیں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فصلوں کے ذیلی شعبہ کی شرح نمو رواں مالی سال میں 1.44 فیصد رہی جبکہ گذشتہ مالی سال میں یہ شرح 1.01 فیصد رہی تھی۔ رپورٹ کے مطابق کپاس، چاول، گنے، مکئی اور گندم جیسی اہم فصلوں نے مجموعی طور پر گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 0.65 فیصد کی بہتری شرح نمو حاصل کی ہے۔ اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق گنے کی پیداوار میں سب سےز یادہ 6.2 فیصد کا اضافہ ہوا اور گذشتہ سال کی 84.24 ملین ٹن پیداوار کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران گنے کی پیداوار 89.45 ملین ٹن تک بڑھ گئی۔ اسی طرح گندم کی پیداوار 4.3 فیصد بڑھوتری سے 28.40 ملین ٹن کے مقابلہ میں 29.61 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔ اسی طرح چاول کی پیداوار میں 2.8 فیصد کا اضافہ ہوا اور پیداوار کا حجم 9.72 ملین ٹن کے مقابلہ میں 9.99 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔ رپورٹ کے مطابق دیگر متفرق فصلوں کی پیداوار کی شرح ترقی میں 2.43 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مزید برآں دالوں ، سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار میں بھی بالترتیب 31.4 فیصد، 12.6 فیصد اور 2.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

مزید خبریں