سربیا نے واضح کیا ہے کہ روسی شہریوں کے لیے ویزا فری سفر کی سہولت برقرار رہے گی اور ان پر کسی قسم کی نئی ویزا پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔
روسی شہریوں پر ویزا پابندی عائد نہیں کریں گے، سربیا

مزید خبریں
یکاترنبرگ۔9جولائی (اے پی پی):سربیا نے واضح کیا ہے کہ روسی شہریوں کے لیے ویزا فری سفر کی سہولت برقرار رہے گی اور ان پر کسی قسم کی نئی ویزا پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔تاس کے مطابق بین الاقوامی اقتصادی تعاون کے لیے سربیا کے وزیرنیناد پوپووچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پورے یقین سے، اپنے صدر کے الفاظ دہراتے ہوئے، یہ کہہ سکتا ہوں کہ سربیا روسی شہریوں پر ویزا کی شرط عائد نہیں کرے گا۔ وہ ہمارے ملک کے سب سے زیادہ خوش آمدید کہے جانے والے مہمان ہیں۔انہوں نے کہا کہ روسی شہری ماسکو، سینٹ پیٹرزبرگ اور قازان سے براہِ راست پروازوں کے ذریعے بغیر ویزا بلغراد آ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بلغراد سے نزنی نوگوروڈ اور سوچی سے بلغراد کے لیے بھی براہِ راست پروازیں شروع کی جا چکی ہیں۔
نیناد پوپووچ کے مطابق سرب عوام روسی سیاحوں کو بے حد پسند کرتے ہیں، اور سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران روسی سیاحوں نے سربیا آنے والے غیر ملکی سیاحوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ روسی شہریوں کے لیے ویزا پابندیوں کا کوئی منصوبہ نہیں، بلکہ سربیا مستقبل میں روس سے مزید سیاحوں کی آمد کا خواہاں ہے۔سرب وزیر نے کہا کہ دارالحکومت بلغراد، نووی ساد، نِش، تاریخی آرتھوڈوکس خانقاہیں، خوبصورت جھیلیں، دریا اور پہاڑی علاقے روسی سیاحوں کے لیے خصوصی کشش رکھتے ہیں، جبکہ سربیا آنے والے مہمانوں کا بھرپور محبت اور گرمجوشی سے استقبال کیا جاتا ہے۔








