روس نے لیبر کی کمی کے پیشِ نظر غیرملکی کارکنوں کو متوجہ کرنے کے لیے نیا ڈیجیٹل پروگرام’’ٹائم ٹو لو ان رشیا‘‘ متعارف کر ادیا ۔
روس ، غیرملکی ورکرز کو راغب کرنے کے لیے نیا ڈیجیٹل پروگرام ٹائم ٹو لو ان رشیا متعارف
ماسکو۔16اپریل (اے پی پی):روس نے لیبر کی کمی کے پیشِ نظر غیرملکی کارکنوں کو متوجہ کرنے کے لیے نیا ڈیجیٹل پروگرام’’ٹائم ٹو لو ان رشیا‘‘ متعارف کر ادیا ۔ اردو نیوز کے مطابق اس بات کا اعلان روسی وزارتِ خارجہ نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیا۔ وزارت نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے غیرملکی شہری ملک میں رہائش اور ملازمت کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ اس پروگرام کا مقصد ایسے غیرملکی افراد کو راغب کرنا ہے جو مطلوبہ مہارت رکھتے اور روسی روایتی اقدار کا احترام کرتے ہوں،پروگرام کے تحت سائنس دان، کاروباری افراد، کھلاڑی، تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد، باصلاحیت طلبہ و گریجویٹس، سرمایہ کار اور دیگر ماہرین درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ درخواست دہندگان کو ایک درخواست فارم اور مختصر سی وی جمع کروانا ہوگی، اپنی اہلیت کے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے، آن لائن انٹرویو اور پھر فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا جس کے لیے زیادہ سے زیادہ 125 دن کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ کامیاب درخواست دہندگان کو ایک ذاتی منیجر فراہم کیا جائے گا جو ویزہ، سرحدی کارروائیوں اور رہائش کے انتظامات میں مدد کرے گا۔









