روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے 71فیصد اکائوئنٹ ہولڈرز نے آر ڈی اے کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین قرار دیا ہے، سٹیٹ بینک آف پاکستان

State Bank
State Bank

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):روشن ڈیجیٹل اکائونٹس (آر ڈی اے) رکھنے والے 71فیصد اکائونٹ ہولڈرز نے آر ڈی اے کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین قرار دیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی ) کے سروے نتائج کے مطابق مرکزی بینک نے ستمبر2020ء میں شروع کی جانے والی آر ڈی اے کی سہولت کے حوالہ سے صارفین کا نقطہ نظر معلوم کرنے کیلئے 24مارچ تا11 اپریل 2022ء کے دوران 10ہزار آر ڈی اے اکائونٹ ہولڈرزکا سروے کرایا۔

سروے کے دوران 116مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 9777صارفین نے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔ نتائج کے مطابق آر ڈی اے استعمال کرنے والے 70فیصد صارفین اکائونٹ کو اپنے خاندان کی مالی معاونت کیلئے استعمال کرتے ہیں جبکہ 11فیصد سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری اور 22فیصد رئیل اسٹیٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔

آر ڈی اے کے مجموعی ڈیپازٹرز میں سے 36فیصد کا تعلق سعودی عرب ، 23فیصد یو اے ای اور 10فیصد یورپ اور برطانیہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ جن میں سے 23فیصد دوسرے ممالک کے مستقل رہائشی اور 5فیصدعارضی رہائشی ہیں۔ نتائج کے مطابق 71فیصد آر ڈی اے ہولڈرز نے آر ڈی اے کو مختلف حوالہ سے سرمایہ کاری کیلئے بہترین قرار دیا ہے جبکہ منافع جات اور سرمایہ کاری کی بروقت واپسی کے اقدامات سے 67فیصد صارفین مطمئن ہیں۔