سپین کی ٹیم کے مایہ ناز فٹ بالر اور کپتان روڈری ہرنینڈزنے ارجنٹائن کے خلاف فائنل میں 0-1 سے فتح اور ٹرافی اٹھانے کے بعد 2026 کے عالمی کپ کے بہترین کھلاڑی کا گولڈن بال ایوارڈ جیت لیا ہے
روڈری ہرنینڈز کو عالمی کپ کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا، گولڈن بال ایوارڈ اپنے نام کر لیا

مزید خبریں
نیویارک۔20جولائی (اے پی پی):سپین کی ٹیم کے مایہ ناز فٹ بالر اور کپتان روڈری ہرنینڈزنے ارجنٹائن کے خلاف فائنل میں 0-1 سے فتح اور ٹرافی اٹھانے کے بعد 2026 کے عالمی کپ کے بہترین کھلاڑی کا گولڈن بال ایوارڈ جیت لیا ہے۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق مانچسٹر سٹی کے 30 سالہ مڈفیلڈرروڈری ہرنینڈز نے 2024 میں دنیا کے بہترین کھلاڑی کا بالون ڈی اور ایوارڈ بھی جیتا تھا، نے کہا کہ پوری ٹیم فی الوقت اس عظیم کامیابی پر حیرت اور خوشی کی ملی جلی کیفیت میں ہے۔ روڈری ہرنینڈز کو ستمبر 2024 میں آرسنل کے خلاف میچ کے دوران گھٹنے کی شدید چوٹ کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد وہ اگلے سال مئی میں میدان میں واپس آئے تھے۔ انہوں نے اس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے اور یہ وقت ان کے لیے ایک خواب جیسا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہت مشکل دور تھا اور وہ چاہتے ہیں کہ نئی نسل ان کی مثال سے سبق حاصل کرے کہ جب انسان نیچے گرتا ہے تو وہ دوبارہ اٹھ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن مثبت سوچ ہی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فائنل سے پہلے انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا تھا کہ ہمیں حریف کا آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کرنا ہوگا اور ہم نے بہادری سے کھیل پیش کیا جس کے صلے میں قدرت نے ہمیں عالمی کپ کا تحفہ دیا۔ہسپانوی کپتان روڈری ہرنینڈزنے کہا کہ فائنل سے قبل انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے کہا تھا کہ حریف کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے یہی جذبہ دکھایا اور بالآخراپنی قوم کے لئے دوسری مرتبہ عالمی کپ جیتنے میں کامیاب رہی۔








