رکن ممالک ایس سی او کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں، چین

191
رکن ممالک ایس سی او کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں، چین

بیجنگ۔23فروری (اے پی پی):چین نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تمام رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم سیکرٹریٹ کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او کے رکن ممالک کو مل کر تنظیم کی مضبوط ترقی کو فروغ دینا چاہیے اور اسے دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں کے درمیان ایک مستحکم اور مضبوط سہارا بنانا چاہیے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ ایس سی او جیسے تعاون کے پلیٹ فارم کو فروغ دینے کی زیادہ ضرورت ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین شنگھائی تعاون تنظیم کو سفارتی ترجیح کے طور پر جاری رکھے گا،سیکرٹریٹ کے کام کے لیے ہمیشہ کی طرح سہولت اور مدد فراہم کرے گا اور ایس سی او کی مدت صدارت کے دوران قزاخستان کے کام کی حمایت کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے کہ رواں سال ہونے والی آستانہ سربراہی کانفرنس کے نتیجہ خیز نتائج برآمد ہوں گے، شنگھائی تعاون تنظیم کی ترقی کے لیے نئے امکانات پیدا ہوں گے اور دنیا کے دیرپا امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مزید تعاون کریں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں میں ایس سی او کے رکن ممالک کی تعداد 6 سے بڑھ کر 26 ہو گئی ہے ،جس سے ایک نیا تعاون پیدا ہوا ہےجس کا مقصد مختلف سماجی نظاموں اور ترقی والے ممالک کے درمیان یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ، مشترکہ جیت کے نتائج ،جامعیت اور باہمی سیکھنے کا عمل ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیکرٹریٹ ایس سی او کی ترقی کے لیے ٹھوس مدد فراہم کرتا رہے گا۔ استقبالیہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ممالک کے سفیروں اور چین میں بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں سمیت 200 سے زائد افراد نے شرکت کی۔