رکھ خانپور کی جھیلوں پر مزید نایاب فلیمنگوز کی آمد

محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب وائلڈ لائف کنزرویشن کی فیلڈ میں سنگ میل عبور کر رہاہے۔

لاہور۔5جولائی (اے پی پی):محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب وائلڈ لائف کنزرویشن کی فیلڈ میں سنگ میل عبور کر رہاہے۔ رکھ خانپور وائلڈ لائف سینگچوری میں جھیلوں پرگزشتہ دو مہینوں سے نایاب فلیمنگوز کی آمد کا لا متناہی سلسلہ شروع ہو چکا ہے اس دوران چار مرحلوں میں43 کے لگ بھگ مہمان فلیمنگوز بسیرا کر چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ضلع مظفرگڑھ میں رکھ خانپور وائلڈ لائف سینگچوری میں قدرتی آبگاہوں میں چالیس سال کے بعد نایاب فلیمنگوز کی ازسرنو آ مد کا سلسلہ اسوقت شروع ہوتا ہے جب گزشتہ ماہ مئی کے اواخر میں وائلڈ لائف رینجرز نے وہاں8 فلیمنگوز کا مشاہدہ کیا اور جھیلوں کی کڑی مانیٹرنگ شروع کر دی جو پرندوں کی بیک مائیگریشن کے باوجود وہیں قیام پذیر رہے اور رواں ماہ کے آغاز پر دو مرحلوں میں مزید5 اور7 نئے فلیمنگوز وہاں مسکن پذیر ہوئے اور اب گزشتہ روز23 نایاب فلیمنگوز پر مشتمل ایک چوتھی غول بھی وہاں آبادہو چکی ہے جس سے ان جھیلوں پر نایاب فلیمنگوز کی تعداد اب43 ہو چکی ہے جو قدرتی ماحول میں وائلڈ لائف کی بہترین مینجمنٹ کا نتیجہ ہے ۔ اس موقع پر چیف وائلڈ لائف رینجر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں قدرتی دولت اور وسائل کا تحفظ بہر صورت یقینی بنایا جائے گا نیز جنگلی حیات کے مساکن کی حفاظت ہماری اولین ذمہ داری ہے۔