لائیو سٹاک کارڈ ہولڈرز کو فیز ون میں حاصل کردہ قرض یا دیگر واجبات کے بقایاجات فوری جمع کرانے کی ہدایت

ایڈیشنل ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک فیصل آباد روبینہ انجم نے مویشی پال حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لائیو سٹاک کارڈ فیز ٹو سے مستفید ہونے کے لیے اگر انہوں نے پہلے مرحلے (فیز ون) میں حاصل کردہ قرض کی رقم یا دیگر واجبات ابھی تک ادا نہیں کیے تو فوری طور پر اپنے بقایاجات بینک آف پنجاب کی متعلقہ برانچ میں جمع کروائیں

فیصل آباد۔ 05 جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈائریکٹرمحکمہ لائیو سٹاک فیصل آباد روبینہ انجم نے مویشی پال حضرات سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لائیو سٹاک کارڈ فیز ٹو سے مستفید ہونے کے لیے اگر انہوں نے پہلے مرحلے (فیز ون) میں حاصل کردہ قرض کی رقم یا دیگر واجبات ابھی تک ادا نہیں کیے تو فوری طور پر اپنے بقایاجات بینک آف پنجاب کی متعلقہ برانچ میں جمع کروائیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لائیو سٹاک کارڈ فیز ٹو کے آغاز کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں اور صرف وہی کسان و مویشی پال حضرات اس سکیم کے لیے اہل ہوں گے جنہوں نے فیز ون کے تمام واجبات بروقت ادا کر دیے ہوں گے۔ نادہندگان کو نئی سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔انہوں نے بتایاکہ لائیو سٹاک کارڈ پروگرام کا مقصد مویشی پال حضرات کو چارہ، ونڈا، ویکسین اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے آسان مالی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ ہو اور دیہی معیشت مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ کسان اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مقررہ شرائط کے مطابق اپنی ادائیگیاں جلد مکمل کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ نادہندہ فارمرز نہ صرف لائیو سٹاک کارڈ کی سہولت سے محروم رہیں گے بلکہ مستقبل کی دیگر مالی معاونت کی سکیموں میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے تمام مویشی پال حضرات کو ہدایت کی کہ مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کے ضلعی دفاتر یا ہیلپ لائن 08000-9211 سے رابطہ کریں۔