پشاور۔ 20 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف و آبادکاری نیک محمد خان نے اتوار کے روز ریسکیو 1122 کے تحت ایمرجنسی بائیک سروس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے ریسکیو 1122 کی اس اہم کاوش کو سراہا اور کہا کہ اس سے ایمرجنسی کی صورتحال میں فوری امداد پہنچانے کی صلاحیت میں بہتری آئے گی۔
نیک محمد خان نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عوام کو ایمرجنسی اور عام حالات میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے مسلسل مثبت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے ایمرجنسی بائیک سروس کا آغاز ایک قابل تحسین قدم ہے جو کم وقت میں متاثرہ علاقوں تک پہنچنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایسے مزید اقدامات کرنے کے عزم پر قائم ہے تاکہ ہر ممکن سہولت اور امداد فوری طور پر فراہم کی جا سکے۔