یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ریسکیو1122 خیبرپختونخوا ہیڈکوارٹر پشاور میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریسکیو1122خیبرپختونخوا کی ریلی، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

مزید خبریں
پشاور۔ 05 اگست (اے پی پی):یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ریسکیو1122 خیبرپختونخوا ہیڈکوارٹر پشاور میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پروقار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان ریسکیو 1122 خیبر پختو نخواکے مطابق ریلی کی قیادت ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122خیبر پختونخوا شاہ فہد نےکی، اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر میر عالم خان، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن حسن داد، ڈائریکٹر فنانس کمال شاہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاور افتخار خان دیگر افسران اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکا نے قومی پرچم اور آزاد کشمیر کے پرچم اٹھا کر کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریلی کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی گئی جبکہ کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت اور کشمیری عوام کی آزادی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
شاہ فہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں 5 اگست 2019 کے ان یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کی یاد دلاتا ہے جن کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، پوری پاکستانی قوم ان کی اس جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کشمیری عوام کے حوصلے، استقامت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت ملنا چاہیے تاکہ وہ اپنی آزادانہ رائے کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔ریلی کے اختتام پر شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد ہرگز فراموش نہیں کی جائے گی۔








