اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے نے47ریلوے افسران کی جانب سے ڈیپوٹیشن پر ہونے کے باوجود ریلوے سے تنخواہ وصولی کے معاملے پر انکوئری کے لئے ایم این اے ملک ابرار احمد کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس وسیم قادر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی وسیم قادر نے چیئرمین کی …
ریلوے افسران کی جانب سے ڈیپوٹیشن پر ہونے کے باوجود تنخواہ وصولی کے معاملے پر انکوئری کے لئے ایم این اے ملک ابرار احمد کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل

مزید خبریں
اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے نے47ریلوے افسران کی جانب سے ڈیپوٹیشن پر ہونے کے باوجود ریلوے سے تنخواہ وصولی کے معاملے پر انکوئری کے لئے ایم این اے ملک ابرار احمد کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
قائمہ کمیٹی کا اجلاس وسیم قادر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی وسیم قادر نے چیئرمین کی عدم موجودگی میں قواعد و ضوابط برائے کارروائی قومی اسمبلی 2007 کے قاعدہ 216 کی ذیلی شق (2) کے تحت کی۔
کمیٹی نے اپنی سابق سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور جنرل منیجر پاکستان ریلویز کو ہدایت کی کہ موضع سونا کی، تحصیل و ضلع مظفرگڑھ کی زمین کا مسئلہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو لاہور سے مشاورت کے بعد حل کیا جائے۔
کمیٹی نے ریلویز کنسٹرکشن کمپنی (ریل كاپ)، پاکستان ایڈوائزری اینڈ کنسلٹنسی سروسز اور پاکستان ریلوے فریٹ اینڈ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کے تجربہ کار ملازمین کے امور پر بھی غور کیا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز کے لیگل ایڈوائزر نے کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں شالیمار ہسپتال کی زمین کے حوالے سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے ملاقات کی ہے۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ اس مسئلے کو چیف سیکرٹری پنجاب سے مشاورت کے بعد حل کیا جائے۔
مزید برآں کمیٹی کو پاکستان ریلویز کے 47 افسران کے حوالے سے انکوائری رپورٹ پر بریفنگ دی گئی، جو بیرون ملک ڈپوٹیشن پر یا دیگر اداروں میں تعینات ہونے کے باوجود پاکستان ریلویز سے تنخواہیں اور مراعات وصول کر رہے ہیں۔
کمیٹی کو نوشہرہ کلاں، ضلع نوشہرہ میں دریائے کابل پر قائم ریلوے پل کی مرمت کے کام خصوصاً پیدل چلنے والوں کے راستے کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
کمیٹی نے رکن قومی اسمبلی ابرار احمد کی کنوینر شپ میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی، جس میں ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو، سید وسیم حسین اور صادق علی میمن ایم این ایز شامل ہیں۔کمیٹی نے ’’دی ٹرانسفر آف ریلویز (ترمیمی) بل 2025‘‘ پر تفصیلی غور کیا۔
مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ بل پر مزید بحث آئندہ اجلاس میں کی جائے گی جو یکم اکتوبر 2025 کو منعقد ہوگا ۔
اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی ابرار احمد، حاجی جمال شاہ کاکڑ، ذوالفقار بچانی، سیدہ آمنہ بتول (آن لائن)، صادق علی میمن، رمیش لال، ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو، سید وسیم حسین اور محمد الیاس چوہدری نے شرکت کی۔ وزارت ریلوے اور پاکستان ریلویز کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔








