زخمی نایاب سامبر ریسکیو،سور کا شکار،چڑیوں اور ممولوں کی غیر قانونی تجارت میں ملوث 6 ملزمان گرفتار
زخمی نایاب سامبر ریسکیو،سور کا شکار،چڑیوں اور ممولوں کی غیر قانونی تجارت میں ملوث 6 ملزمان گرفتار
لاہور۔14جون (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیر قیادت محکمہ جنگلی حیات صوبہ میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکار اور کاروبار کی مکمل بیخ کنی کیلئے بھرپور سرگرم عمل ہے اور انہی کاوشوں کے نتیجے میں محکمہ نے گزشتہ روز ایک زخمی نایاب ہرن ریسکیو کرنے سمیت مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرکے کتوں کیساتھ جنگلی سور کا شکار،معصوم جنگلی پرندوں چڑیوں اور ممولوں کی غیر قانونی تجارت میں ملوث6 ملزمان کو گرفتارکر کے2 کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل،4 کو 50 ہزار جرمانہ عائد کیا،سامبر ہرن کو طبی امداد کے بعد جلو پارک منتقل کر دیا اور تمام پرندے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیئے۔
ترجمان کے مطابق ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجر سنٹرل زون مدثر حسن اور ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر قصور عامر جمیل نے ایک اطلاع کی موصولی کے بعد بارڈر بیلٹ ایریا منڈی عثمان والا سے شدید آ ندھی اور طوفان کے دوران ایک زخمی سامبر ہرن ریسکیو کرکے فوری سفاری زو ہسپتال لاہور سے طبی امداد کے بعد جلو وائلڈ لائف پارک منتقل کر دیا،جہاں اسکی دیکھ بھال شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دیگر کامیاب کارروائیوں کے دوران ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر گوجرانوالہ ریجن عاصم بشیر چیمہ کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر سیالکوٹ عقیل امجد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کتوں کیساتھ جنگلی سور کا غیر قانونی شکار کرنے پر4 شکاریوں کو50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ معصوم چڑیوں اور ممولوں کی غیر قانونی تجارت میں ملوث2 ملزمان سے درجنوں ممولے اور چڑیاں برآمد کرکے دونوں کیخلاف ایف آرزدرج کروائیں اور ملزمان کو عدالت میں پیش کیا،عدالت نے دونوں ملزمان کو14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ برآمدہ تمام جنگلی پرندے عدالتی حکم پر واپس قدرتی ماحول میں آ زاد کردیئے۔









