زراعت اور صنعت کی پائیدار ترقی حکومت کی اقتصادی پالیسی کا بنیادی ستون ہے، وفاقی وزیرخزانہ کی پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو
زراعت اور صنعت کی پائیدار ترقی حکومت کی اقتصادی پالیسی کا بنیادی ستون ہے، وفاقی وزیرخزانہ کی پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ زراعت اور صنعت کی پائیدار ترقی حکومت کی اقتصادی پالیسی کا بنیادی ستون ہے، پالیسی سازی میں شراکت داروں سے مشاورت کو خاص اہمیت حاصل ہے۔وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات میں کہی وفدکی قیادت چیئرمین شم لال منگلا نی کررہے تھے ، ملاقات کا مقصد کپاس کے شعبے سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کرنا اور اس صنعت کی معیشت میں شراکت، برآمدات کے فروغ اور دیہی روزگار میں اضافے کے لیے موثر اقدامات پر غور کرنا تھا۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین شیخ فیاض احمد، سابق چیئرمین سہیل محمود حر، چوہدری وحید ارشد اور مختار بلوچ بھی شامل تھے۔
اجلاس کے دوران کپاس کی پوری ویلیو چین کی موجودہ صورتحال، کاشتکاروں اور جنرز کو درپیش مسائل اور پیداوار، سرمایہ کاری اور پائیداری میں بہتری لانے والے پالیسی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی سی جی اے کے نمائندوں نے کپاس کو ایک اہم نقد آور فصل اور پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کے بنیادی خام مال کے طور پر اس کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ دیہی روزگار کی فراہمی، ذیلی صنعتوں کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور درآمدی کپاس پر انحصار کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ وفد نے ٹیکس، دستاویزی نظام اور اس شعبے میں رسمی معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیرِ خزانہ نے کپاس کی صنعت کی قومی معیشت میں اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیداواری شعبوں کے لیے سازگار کاروباری ماحول فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ زراعت اور صنعت کی پائیدار ترقی حکومت کی اقتصادی پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور پالیسی سازی میں شراکت داروں سے مشاورت کو خاص اہمیت حاصل ہے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے، شفافیت بڑھانے اور ذمہ دار کاروباری اداروں کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے، پالیسی اقدامات کا مقصد معاشی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پی سی جی اے کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا متعلقہ اداروں کی سطح پر تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں کپاس کے پورے نظام کو مضبوط بنانے، مسابقت میں اضافہ، ویلیو ایڈیشن کے فروغ اور سپلائی چین میں مزید سرمایہ کاری کی ضرورت پر بھی بات چیت کی گئی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ حکومت اور صنعت کے درمیان مسلسل رابطہ ناگزیر ہے تاکہ عملی اور دیرپا حل تلاش کیے جا سکیں جو کپاس کے شعبے کی بحالی اور ترقی میں مددگار ثابت ہوں وزیرِ خزانہ نے وفد کے تعمیری مشوروں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صنعت کے نمائندوں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی تاکہ ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی، برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔








