پاکستان خطے اور عالمی امن کے لیے ذمہ دار اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر پارلیمانی موڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد نے ایک بار پھر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان صرف خطے ہی نہیں بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ایک ذمہ دار، مؤثر اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی موڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد نے ایک بار پھر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان صرف خطے ہی نہیں بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ایک ذمہ دار، مؤثر اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بطور ثالث وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دستخط پاکستان کے عالمی اعتماد اور مؤثر کردار کا واضح ثبوت ہیں۔ جمعرات کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دستخطوں کے ساتھ پاکستان کا ثالثی کردار تاریخ کے اوراق میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

یہ کامیابی وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی متحرک سفارتکاری، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دور اندیش حکمت عملی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے دن رات محنت کرتے ہوئے پاکستان کو امن، استحکام اور مصالحت کی عالمی آواز کے طور پر منوایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ تنازعات کو ہوا دینے والا نہیں بلکہ مذاکرات، مفاہمت اور امن کو فروغ دینے والا ملک ہے۔ یہ سفارتی کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور عالمی برادری میں پاکستان کے مضبوط، مثبت اور ذمہ دار کردار کی عکاس ہے۔