سائنس پر مبنی گورننس ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ، یہ اسے زیادہ محفوظ، منصفانہ اور وسیع تر بنا سکتی ہے،اقوام متحدہ

نئی دہلی۔21فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سائنس پر مبنی گورننس ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ یہ اسے زیادہ محفوظ، منصفانہ اور وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی بنا سکتی ہے،انہوں نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے خوف و ہراس کو کم کرنے پر زور دیتے ہوئے ماہرین کی ایک نئی بین الاقوامی کمیٹی کی تشکیل کا اشارہ دیا جو انسانی کنٹرول کو ایک تکنیکی حقیقت …

نئی دہلی۔21فروری (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سائنس پر مبنی گورننس ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ یہ اسے زیادہ محفوظ، منصفانہ اور وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی بنا سکتی ہے،انہوں نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے خوف و ہراس کو کم کرنے پر زور دیتے ہوئے ماہرین کی ایک نئی بین الاقوامی کمیٹی کی تشکیل کا اشارہ دیا جو انسانی کنٹرول کو ایک تکنیکی حقیقت بنانے کی کوشش کرے گی ۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے نئی دہلی میں مصنوعی ذہانت سے متعلق سربراہی اجلاس کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ سائنس پر مبنی گورننس ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ یہ اسے زیادہ محفوظ، منصفانہ اور وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی بنا سکتی ہے،پیغام واضح ہے کہ خوف اور مبالغہ آرائی کو کم کریں اور حقائق و شواہد کو بڑھائیں۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس گروپ میں 40 ارکان کی تقرری کی منظوری دے دی ہے جسے مصنوعی ذہانت پر آزاد بین الاقوامی سائنسی ٹیم کا نام دیا گیا ہے۔

سیکرٹری جنرل نےکہا کہ مصنوعی ذہانت کی اختراعات اتنی تیز رفتاری سے ترقی کر رہی ہیں کہ وہ اسے مکمل طور پر سمجھنے اور اسے سنبھالنے کی ہماری اجتماعی صلاحیت سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نامعلوم کی طرف بڑھ رہے ہیں ،جب ہم سمجھ جائیں گے کہ یہ سسٹم کیا کر سکتے ہیں اور کیا نہیں تو ہم محض اندازوں کی بنیاد پر کیے گئے اقدامات سے خطرے کی تشخیص پر مبنی زیادہ ہوشمندانہ کنٹرولز کی طرف منتقل ہو سکیں گے۔

انتونیو گوتریش نے رواں ماہ اقوام متحدہ کی مصنوعی ذہانت سے متعلق کمیٹی میں شمولیت کے لیے تجویز کردہ ماہرین کی فہرست پیش کی، ان میں فلپائن سے تعلق رکھنے والی نوبل امن انعام یافتہ صحافی ماریہ ریسا اور کینیڈا کے مصنوعی ذہانت کے علمبردار یوشوا بینجیو شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد انسانی کنٹرول کو محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک تکنیکی حقیقت بنانا ہے۔