سائوتھ افریقہ نے پاکستان ویمن ٹیم کوچھ وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں برتری حاصل کرلی

لاہور۔14فروری (اے پی پی):سائوتھ افریقہ کی ویمن ٹیم نے بارش سے متاثرہ دوسرے 20 اوورز کے بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کی ویمن ٹیم کو کو ڈک ورتھ لوئس اسٹرن طریق کار کے تحت چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کے سلسلے میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ یہ مقابلہ بینونی میں کھیلا گیا جہاں بارش کے باعث کھیل کو 14، 14 اوورز تک محدود کر دیا …

لاہور۔14فروری (اے پی پی):سائوتھ افریقہ کی ویمن ٹیم نے بارش سے متاثرہ دوسرے 20 اوورز کے بین الاقوامی مقابلے میں پاکستان کی ویمن ٹیم کو کو ڈک ورتھ لوئس اسٹرن طریق کار کے تحت چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کے سلسلے میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ یہ مقابلہ بینونی میں کھیلا گیا جہاں بارش کے باعث کھیل کو 14، 14 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔بارش رکنے کے بعد جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ چودہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر100 رنز بنائے۔

عالیہ ریاض نے 18 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 20 رنز سکور کیے جبکہ عائشہ ظفر 13 رنز بنا سکیں۔ نتالیہ پرویز اور منیبہ علی 12، 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں۔جنوبی افریقہ کی ایابونگا کھاکا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 10 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اسی طرح مسابتا کلاس نے دو اوورز میں 14 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں جنوبی افریقہ نے13.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔

کپتان لارا وولوارڈٹ نے 29 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست40 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔ تیزمین برٹس نے 25 گیندوں پر 29 رنز اسکور کیے جن میں دو چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے سونے لوس کے ساتھ 30 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی اور بعد ازاں وولوارڈٹ کے ہمراہ 36 رنز جوڑے۔

پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے تین اوورز میں 15 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ حمنہ بلال اور طوبی حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ایابونگا کھاکا کو عمدہ گیندبازی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس سے قبل پہلا مقابلہ بھی جنوبی افریقہ نے پانچ وکٹوں سے جیتا تھا۔ تیسرا اور آخری مقابلہ 16 فروری کو کمبرلی میں کھیلا جائے گا۔