سابق آسٹریلوی کوچ ڈیرن لیمن کی انگلش ٹیسٹ کوچ بننے کی افواہوں کی تردید، ای سی بی کی جانب سے نئے کوچ کے خفیہ انتخاب کا دعویٰ

آسٹریلیا کے سابق ہیڈ کوچ ڈیرن لیمن نے نارتھمپٹن شائر کو ریکارڈ تیسری بار ٹی 20 بلاسٹ کا چیمپئن بنانے کے بعد انگلینڈ کا ٹیسٹ کوچ بننے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے برینڈن میکولم کے جانشین کا فیصلہ پردے کے پیچھے پہلے ہی کر لیا ہے۔

لندن۔19جولائی (اے پی پی):آسٹریلیا کے سابق ہیڈ کوچ ڈیرن لیمن نے نارتھمپٹن شائر کو ریکارڈ تیسری بار ٹی 20 بلاسٹ کا چیمپئن بنانے کے بعد انگلینڈ کا ٹیسٹ کوچ بننے کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے برینڈن میکولم کے جانشین کا فیصلہ پردے کے پیچھے پہلے ہی کر لیا ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق سال 2018 میں بال ٹیمپرنگ سکینڈل کے بعد آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے ستعفیٰ دینے والے لیمن نے تب سے بین الاقوامی کرکٹ میں کوچنگ نہیں کی اور وہ گزشتہ سال نارتھمپٹن شائر سے وابستہ ہوئے جہاں انہوں نے رواں سیزن کے آغاز میں 2029 تک کے معاہدے پر دستخط کیے۔ برینڈن میکولم کی حالیہ برطرفی کے بعد انگلینڈ کے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش اس وقت متاثر ہوئی جب ابتدائی طور پر فیورٹ قرار دئیے جانے والے اینڈی فلاور نے خود کو اس دوڑ سے الگ کر لیا جس کے بعد سٹیفن فلیمنگ، جسٹن لینگر اور رچرڈ ڈائوسن کے نام مضبوط امیدواروں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ڈیرن لیمن نے انگلش ٹیم کی کوچنگ میں عدم دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب سال کے 300 دن گھر سے دور گزارنے کے حق میں نہیں چونکہ ان کی ای سی بی سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی اس لیے اس بارے میں پریشان ہونے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ عام طور پر جب کسی بڑے کوچ کو ہٹایا جاتا ہے تو متبادل کا فیصلہ پہلے ہی ہو چکا ہوتا ہے۔ انہوں نے نارتھمپٹن شائر کو بلاسٹ ٹرافی جتوانے پر 36 سالہ کپتان ڈیوڈ ولی کی قائدانہ صلاحیتوں کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی معیار کے کپتان ہیں جو اپنے کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے ہمہ وقت متحرک رہتے ہیں۔ لیمن نے اس کامیابی کو اپنے کوچنگ کیریئر کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ نارتھمپٹن شائر چھوٹا کلب ہے جس کا بجٹ بھی کم ہے لیکن اس کے کھلاڑیوں نے میدان میں بڑی ٹیموں کی طرح شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔