سابق فلپائنی صدر روڈو ریگو دوتیرتے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے گرفتاری کے وارنٹ پر دی ہیگ منتقل

منیلا۔12مارچ (اے پی پی):فلپائن کے سابق صدر روڈو ریگو دوتیرتے کو مبینہ جنگی جرائم کے الزامات کے بعد بین الاقوامی فوجداری عدالت(آئی سی سی)کے وارنٹ پر منیلا میں گرفتار ہونے کے بعددی ہیگ منتقل کر دیا ہے۔العربیہ اردو کے مطابق ان کے وکیل مارٹن ڈیلگرا نے وائبر کے ذریعے صحافیوں کو بتایا کہ سابق صدر روڈو ریگو دوتیرتے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کے قریب تین افراد کے …

منیلا۔12مارچ (اے پی پی):فلپائن کے سابق صدر روڈو ریگو دوتیرتے کو مبینہ جنگی جرائم کے الزامات کے بعد بین الاقوامی فوجداری عدالت(آئی سی سی)کے وارنٹ پر منیلا میں گرفتار ہونے کے بعددی ہیگ منتقل کر دیا ہے۔العربیہ اردو کے مطابق ان کے وکیل مارٹن ڈیلگرا نے وائبر کے ذریعے صحافیوں کو بتایا کہ سابق صدر روڈو ریگو دوتیرتے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کے قریب تین افراد کے ساتھ منیلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارے میں سوار ہوئے۔ وکیل نے بتایا کہ ان پر انسانیت کے خلاف جرائم کا الزام ہے۔

چند گھنٹے قبل فلپائنی حکام نے اعلان کیا تھا کہ پولیس نے سابق صدر کو منگل کی صبح اس وقت گرفتار کر لیا جب ان کا طیارہ منیلا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔ ان کی گرفتاری بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔ آئی سی سی نے منشیات سمگلرزکے خلاف جنگ میں انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب کے الزام میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے تھے۔

فلپائنی ایوان صدر نےبیان میں کہاکہ منیلا میں انٹرپول کو بین الاقوامی فوجداری عدالت کی طرف سے جاری کئے گئے وارنٹ گرفتاری کی سرکاری کاپی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد دروڈو ریگو دوتیرتے کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔بین الاقوامی فوجداری عدالت کے مطابق79 سالہروڈو ریگو دوتیرتے کو ایک کریک ڈاؤن پر جان بوجھ کر قتل کرنے کے الزامات کا سامنا ہے جس میں انسانی حقوق کے گروپوں کا اندازہ ہے کہ فوج اور پولیس کے ارکان کے ہاتھوں دسیوں ہزار افرادمارے گئے ہیں، جن میں اکثر منشیات سےتعلق کے ثبوت کے بغیر ہیں۔

روڈو ریگو دوتیرتے کو ہانگ کانگ کے مختصر سفر کے بعد منیلا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے کے فوراً بعد گرفتار کر لیا گیا۔فلپائن نے 2019 میں بین الاقوامی فوجداری عدالت سےروڈو ریگو دوتیرتے کی ہدایت پر دستبرداری اختیار کر لی تھی، لیکن عدالت نے زور دے کر کہا کہ دستبرداری سے قبل ہونے والی ہلاکتوں کے ساتھ ساتھ جنوبی شہر داواؤ میں ہونے والی ہلاکتوں پر بھی اس کا دائرہ اختیار ہے جب روڈو ریگو دوتیرتے صدر بننے سے کئی سال قبل قصبے کے میئر تھے۔