اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کے تقدس کیلئے تحریک کی بات کی ہے، ہم ہر صورت میں ووٹ کا تقدس بحال کریں گے، ہم حق پر ہیں اور اس جنگ میں ہر ایک کو ملک اور آئین کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا۔مجھ پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں …
سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی وکلاءتنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کے تقدس کیلئے تحریک کی بات کی ہے، ہم ہر صورت میں ووٹ کا تقدس بحال کریں گے، ہم حق پر ہیں اور اس جنگ میں ہر ایک کو ملک اور آئین کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا۔مجھ پر ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوئی، میرا کالج کی زندگی سے حساب لیا گیا، جب کچھ نہیں نکلا تو پانامہ کی بجائے اقامے کو بنیاد بنا لیا گیا۔ عمران خان کا پانچ سال اور میرا 1962ءسے حساب لیا گیا ہے، عمران خان نے تسلیم کیا کہ آف شور کمپنی اسی کی ہے لیکن اس کو کہا گیا کہ نہیں نہیں یہ تمہاری نہیں ہے، اﷲ تعالیٰ نے مجھے عوام کی عدالت میں سرخرو کیا ہے، جج نے سسلین مافیا جیسے الفاظ استعمال کئے، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں ، عدالتوں کو بھی دوسرے اداروں کا احترام کرنا چاہئے، مجھے سپریم کورٹ سے کوئی اختلاف نہیں لیکن کچھ جج ایسے ہیں جنہوں نے فیصلہ میرٹ پر نہیں کیا جس سے مجھے اختلاف ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارمنگل کو یہاںملک کے چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی وکلاءتنظیموں کے صدور اور نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین اور سینٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز بھی موجود تھیں۔







