سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے افضال احمد کی کتاب ’’پاکستان کرکٹ کرونیکل‘‘ کو تاریخی دستاویز قرار دیدیا

کراچی۔ 02 جنوری (اے پی پی):پاکستان کے معروف سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ بینکار افضال احمد کرکٹ سے جنون کی حد تک محبت کرنے والے انسان ہیں، برسوں کی محنت، تحقیق اور عشقِ کرکٹ سے سرشار ہو کر انہوں نے ایک شاندار کتاب مرتب کی ہے، جس میں پاکستان کرکٹ کی تاریخی دستاویزات کو نہایت محنت اور سلیقے سے یکجا کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار …

کراچی۔ 02 جنوری (اے پی پی):پاکستان کے معروف سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ بینکار افضال احمد کرکٹ سے جنون کی حد تک محبت کرنے والے انسان ہیں، برسوں کی محنت، تحقیق اور عشقِ کرکٹ سے سرشار ہو کر انہوں نے ایک شاندار کتاب مرتب کی ہے، جس میں پاکستان کرکٹ کی تاریخی دستاویزات کو نہایت محنت اور سلیقے سے یکجا کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی جیمخانہ کی لائبریری و لٹریسی کمیٹی کے زیر اہتمام افضال احمد کی کتاب ’’پاکستان کرکٹ کرونیکل‘‘ کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کتاب میں کرکٹ اور اس کے ارتقاء کی داستان نہایت دلکشی اور جامع انداز میں بیان کی گئی ہے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد نے کہا کہ کرکٹ کے ریکارڈ پر مشتمل یہ کتاب بلاشبہ پاکستان کرکٹ کا ایک جامع انسائیکلوپیڈیا اور سٹیٹ آف دی آرٹ تصنیف ہے۔کرکٹ کے معروف عالمی مبصر اور فرسٹ کلاس کرکٹر قمر احمد کا کہنا تھا کہ افضال احمد نے بڑی محنت، لگن اور دیانت داری سے کرکٹ کا ریکارڈ جمع کیا ہے، ان کی یہ کتاب پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ پر اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد کاوش ہے، اس قدر عمدہ اور تحقیقی کتاب تحریر کرنے پر وہ افضال احمد کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

لیاقت نیشنل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹرسلمان فاروقی نے کہا کہ افضال احمد کے پاس پاکستان کرکٹ کا تقریباً 98 فیصد ریکارڈ موجود ہے، اب ان کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس قیمتی ریکارڈ اور کتابوں کو محفوظ کریں تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس سے استفادہ کر سکیں۔اس موقع پر سابق بینکار افضال احمد نے کہا کہ کرکٹ سے ان کی محبت کا آغاز 1968 میں ہوا، جب وہ کراچی کے ایک سکول میں زیرِ تعلیم تھے، اس زمانے میں سکول کے قریب واقع پرانی کتابوں کی دکان سے سپورٹس ٹائمز میگزین خرید کر پڑھنے کا شوق پیدا ہوا، جس نے ان کے دل میں کرکٹ کی گہری دلچسپی پیدا کی۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے کبھی باقاعدہ کرکٹ نہیں کھیلی، مگر کرکٹ ان کی زندگی بھر کا جنون رہی ہے، ’’پاکستان کرکٹ کرونیکل‘‘ ان کی عمر بھر کی محنت، مطالعے اور یادداشتوں کا نچوڑ ہے، جو پاکستان کرکٹ کی مکمل تاریخ کا احاطہ کرتی ہے۔تقریب سے ڈاکٹر سعد شفقت، ڈاکٹر سلمان فاروقی، معروف صحافی احسان قریشی اور دیگر معزز شخصیات نے بھی خطاب کیا اور کتاب کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔

مزید خبریں