سال 2026 عوامی خدمت اور کرکٹ کی عالمی بالادستی کا سال ہوگا، محسن نقوی

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2026 میں عوامی خدمت کا مشن پہلے سے زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ جاری رہے گا اور پاکستان کرکٹ کو عالمی سطح پر ایک باوقار مقام دلایا جائے گا۔ اپنے تہنیتی پیغام میں محسن نقوی نے سال 2025 کو …

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قوم کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2026 میں عوامی خدمت کا مشن پہلے سے زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ جاری رہے گا اور پاکستان کرکٹ کو عالمی سطح پر ایک باوقار مقام دلایا جائے گا۔

اپنے تہنیتی پیغام میں محسن نقوی نے سال 2025 کو پاکستان کی دفاعی تاریخ کا اہم ترین سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی جرأت مندانہ قیادت میں پاک فوج نے کئی گنا طاقتور دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے پاک فضائیہ کے شاہینوں کی کارکردگی اور عوامی یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لہو نے ملک کی بنیادوں کو مضبوط کیا ہے۔

انہوں نے قیامِ امن کے لئے جانیں قربان کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کیا۔بطور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹ کے حوالے سے اہم سنگ میل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا کامیاب انعقاد ایک پرامن اور محفوظ پاکستان کی جیت تھی،اسلام آباد دھماکے کے باوجود سری لنکن سیریز اور ٹرائی نیشن سیریز کا محفوظ انعقاد سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی تھی، 17 سال بعد فیصل آباد میں کرکٹ کی واپسی سے نہ صرف شائقین میں جوش و خروش پیدا ہوا بلکہ پی سی بی کے انتظامات کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔

وفاقی وزیر نے نئے سال کے اہداف بتاتے ہوئے کہا کہ 2026 میں سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن، سہولیات میں بہتری اور نئے وینیوز کی شمولیت ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی میرٹ پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور ڈومیسٹک و انٹرنیشنل کرکٹ کے درمیان مضبوط ربط قائم کیا جائے گا۔محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھانے کے لئے ہر چیلنج کا مقابلہ اتحاد اور حوصلے کے ساتھ کیا جائے گا۔