سبزیوں کےکاشتکاروں کے لیے جدید زرعی مارکیٹنگ پر تربیتی نشست کا انعقاد

پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور اسٹرینتھننگ ایگریکلچرل مارکیٹنگ انفارمیشن سروس کے اشتراک سے سبزیوں کی کاشت کرنےوالےکاشتکاروں کے لیے ایک اہم تربیتی نشست کا انعقاد گورنمنٹ ماڈل سکول چک نمبر 76 ج ب جودھاں میں کیا گیا۔

فیصل آباد۔ 07 جون (اے پی پی):پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور اسٹرینتھننگ ایگریکلچرل مارکیٹنگ انفارمیشن سروس کے اشتراک سے سبزیوں کی کاشت کرنےوالےکاشتکاروں کے لیے ایک اہم تربیتی نشست کا انعقاد گورنمنٹ ماڈل سکول چک نمبر 76 ج ب جودھاں میں کیا گیا۔

جس کی صدارت پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر تنویر خالق شامی نے کی۔تربیتی نشست کا مقصد کاشتکاروں کو جدید زرعی مارکیٹنگ، سبزیوں کی بہتر پیداوار، گریڈنگ، پیکنگ اور مارکیٹ تک رسائی کے جدید طریقوں سے آگاہ کرنا تھا۔ اس موقع پر زرعی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے سبزی کاشتکاروں کو عملی رہنمائی فراہم کی اور انہیں جدید زرعی کاروباری رجحانات سے روشناس کرایا۔شرکاء کو سبزیوں کی فروخت کے مؤثر طریقہ کار، منڈی کے موجودہ نرخوں، مارکیٹ انفارمیشن سسٹم اور جدید مارکیٹنگ کے تقاضوں سے متعلق تفصیلی آگاہی دی گئی تاکہ وہ اپنی پیداوار کی بہتر قیمت حاصل کر سکیں اور مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق فیصلے کر سکیں۔تربیتی پروگرام سے ساجد اقبال سندھو، ڈاکٹر عبدالرحمن خان، ڈاکٹر امتیاز حسین، فخرالفیاض خان، ڈاکٹر محمد عثمان اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید زرعی مارکیٹنگ اور پیداواری تکنیکوں سے آگاہی کاشتکاروں کو اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے اور زرعی شعبے میں موجود نئے کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد دے گی۔مقررین نے کہا کہ محکمہ زراعت کے تحت جاری مارکیٹنگ انفارمیشن سروسز کا مقصد کسانوں کو بروقت اور درست مارکیٹ کی معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بہتر منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کے ذریعے اپنی پیداوار کا زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کر سکیں۔انہوں نے علاقے کے سبزی کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ ایسی تربیتی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں تاکہ جدید زرعی مارکیٹنگ اور پیداوار سے متعلق معلومات حاصل کرکے درپیش مسائل پر قابو پایا جا سکے اور زرعی شعبے میں خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔