ریڈیو پاکستان فیصل آباد کی معروف اینکر پرسن طلعت ناہید سندھو انتقال کر گئیں،نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپردِ خاک

ریڈیو پاکستان فیصل آباد ایف ایم 93 کے مقبول ہفتہ وار پروگرام ’’پنجاب رنگ‘‘ کی معروف اینکر پرسن طلعت ناہید سندھو قضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں

فیصل آباد۔ 07 جون (اے پی پی):ریڈیو پاکستان فیصل آباد ایف ایم 93 کے مقبول ہفتہ وار پروگرام ’’پنجاب رنگ‘‘ کی معروف اینکر پرسن طلعت ناہید سندھو قضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں۔ وہ گزشتہ کافی عرصے سے علیل تھیں اور زیر علاج رہنے کے بعد اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔مرحومہ کی نماز جنازہ زینب مسجد، سوساں روڈ مدینہ ٹاؤن فیصل آباد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں صحافی برادری، وکلا، سیاسی و مذہبی شخصیات، ادیبوں، سماجی کارکنوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحومہ کو اشکبار آنکھوں سے ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا ۔شرکاء نے مرحومہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔طلعت ناہید سندھو نے ریڈیو پاکستان فیصل آباد کے ذریعے ادب، ثقافت اور پنجاب کی روایات کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کا پروگرام ’’پنجاب رنگ‘‘ سامعین میں بے حد مقبول تھا اور انہوں نے اپنی منفرد اندازِ گفتگو اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث ایک نمایاں مقام حاصل کیا۔دریں اثناء ریڈیو پاکستان فیصل آباد کی اسٹیشن ڈائریکٹر و انچارج تابندہ بیدار ،پرڈیوسرزاور دیگر افسران و ملازمین نے طلعت ناہید سندھو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے ریڈیو پاکستان اور ادبی و ثقافتی حلقوں میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے جسے پر کرنا آسان نہیں ہوگا۔ریڈیو پاکستان فیصل آباد کے عملے نے مرحومہ کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی، جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی گئی۔