صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا ہے کہ محفوظ اور معیاری خوراک ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت سندھ عوام کو صحت بخش، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
محفوظ اور معیاری خوراک ہر شہری کا بنیادی حق ہے،صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزمان

مزید خبریں
کراچی۔ 07 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا ہے کہ محفوظ اور معیاری خوراک ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت سندھ عوام کو صحت بخش، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
اتوار کو ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ خوراک کا تحفظ صرف صحت عامہ کا معاملہ نہیں بلکہ یہ سماجی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی سے بھی براہ راست جڑا ہوا ہے، اس لیے غذائی معیار کو برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،ملاوٹ مافیا، ذخیرہ اندوزوں اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید موثر، منظم اور تیز بنایا جائے گا تاکہ عوام کو مضر صحت اور غیر معیاری اشیائے خور و نوش سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک سندھ جدید تقاضوں کے مطابق نگرانی کے نظام کو مزید بہتر بنانے، فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ خوراک صحت مند معاشرے کی بنیاد اور مضبوط معیشت کی ضمانت ہے جبکہ خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے پیداوار، پروسیسنگ، ذخیرہ اندوزی، ترسیل اور فروخت سمیت پوری سپلائی چین میں حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک سندھ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر خوراک کے معیار کی نگرانی، عوامی تحفظ اور غذائی سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہا ہے۔ وزیر خوراک سندھ نے عوام پر زور دیا کہ وہ معیاری اور محفوظ خوراک کے استعمال کو فروغ دیں، اشیائے خور دو نوش کی خریداری کے دوران معیار اور صفائی کا خاص خیال رکھیں اور غیر معیاری یا مشکوک خوراک کی فروخت کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے عوامی خدمت کے منشور کے تحت غذائی تحفظ، صحت عامہ اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں میں بھی مختلف منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تحت ہر سال 7 جون کو ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے منایا جاتا ہے جس کا مقصد محفوظ خوراک، غذائی تحفظ اور عوامی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں غذائی تحفظ کے فروغ اور خوراک سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے اور اس حوالے سے حکومت، نجی شعبے، خوراک سے وابستہ اداروں اور عوام کو مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ فوڈ سیفٹی ڈے ہمیں خوراک کے تحفظ اور عوامی صحت کے حوالے سے اپنی اجتماعی اور انفرادی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے اور اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہر شہری کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔








