ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی بلوچستان میں ڈاکٹر ماہ نور پر تیزاب پھینکنے کے واقعے کی شدید مذمت

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بلوچستان میں ڈاکٹر ماہ نور پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بلوچستان میں ڈاکٹر ماہ نور پر تیزاب پھینکنے کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ، غیر انسانی اور ناقابلِ برداشت اقدام قرار دیا ہے۔اتوار کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور پوری قوم، خصوصاً بلوچستان کی بیٹی ہیں جنہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا مقصد بنایا۔

ڈاکٹرز ہمارا قومی فخر ہیں، ان کی عزت و احترام ہم سب پر لازم ہے، اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کا تشدد ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے نے نہ صرف طبی برادری بلکہ پوری قوم کو رنجیدہ کیا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر ماہ نور کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ زخمی ڈاکٹر کو ہر ممکن اوربہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور کے مسئلے کے حوالے سے میں خود بلوچستان حکومت متعلقہ اداروں اور ڈاکٹر ماہ نور کے خاندان کے ساتھ رابطے میں ہوں۔انہوں نے اس واقعے میں ملوث شخص کو انجام تک پہنچائے جانے کے حوالے سے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی قابلِ توجہ ہے، تاہم ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ آئندہ کسی بیٹی، ڈاکٹر یا شہری کو اس نوعیت کے تشدد کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے حکومت بلوچستان کی جانب سے زخمی ڈاکٹر ماہ نور بلوچ کو فراہم کی جانے والی معاونت اور سرپرستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان حکومت کی فوری توجہ اور تعاون پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈاکٹروں، بالخصوص خواتین ڈاکٹرز، کو محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ڈاکٹر ماہ نور کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعاگو ہے۔ ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے اجتماعی حوصلے کمزور نہیں کر سکتے، بلکہ ہمیں انصاف، تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لیے مزید متحد کرتے ہیں۔