سبکدوش ہونے والی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی الوداعی تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) سبکدوش ہونے والی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کا بھارتی خواب پورا نہیں ہوسکا، دنیا کے تمام ملکوں کیساتھ تعلقات کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان دنیا کا اہم ملک ہے، پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پاکستان نے خطے میں امن و ترقی کیلئے ہمیشہ تعمیری کردار …

اسلام آباد ۔ 16 اپریل (اے پی پی) سبکدوش ہونے والی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کا بھارتی خواب پورا نہیں ہوسکا، دنیا کے تمام ملکوں کیساتھ تعلقات کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان دنیا کا اہم ملک ہے، پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پاکستان نے خطے میں امن و ترقی کیلئے ہمیشہ تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان ہمسایوں سمیت تمام ملکوں کیساتھ معاملات بات چیت کے زریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ اقوام متحدہ اور جینوا سمیت عالمی سطح پر پاکستانی سفارتکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا یا ہے۔ افغان امن عمل کے دوران سہولت کاری میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔ منگل کو یہاں وزارت خارجہ میں الوداعی تقریب کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ میں اپنے 35 سالہ سفارتی کیرئر کے دوران جو کچھ میں نے کیا، ملک و قوم کے مفاد میں کیا، پاکستان نے مجھے بہت کچھ دیا۔ وزارت خارجہ نے کشمیر سمیت اہم معاملات پر تمام بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ موثر انداز میں آواز بلند کیا ہے، ہمیں پاکستان کے جھنڈے کو بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ دنیا کے تمام ملکوں کیساتھ تعلقات بہتر اورمعاملات سفارتی سطح پر حل ہوں۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان دنیا کا اہم ملک ہے،عالمی سطح پر ہماری بات سنی جاتی ہے، ہم خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں۔ بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کیساتھ ہمارے تعلقات حساس نوعیت کے ہیں، پاکستان کو تنہا کرنے کا بھارتی خواب پورا نہیں ہو سکا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ ایران علاقائی تناظر میں اہم نوعیت کا ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نامزد سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے سبکدوش ہونے والی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی خدمات کو خراج تحسین پیشں کیا اور کہا کہ انہوں اپنی 35 سالہ سفارتی کیرئر کے دوران ملک و قوم کے بہترین مفاد میں خدمات سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملکوں کیساتھ تعلقات کی بہتری ہماری خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کئی چیلنجز درپیش ہیں اور مواقع بھی ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ہمسائے پر امن ہوں۔ ہماری قیادت کا وژن واضح ہے اور وزارت خارجہ اس کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کیساتھ تعلقات اس وقت بہتر ہوسکتے ہیں جب کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے۔ بھارت کو الزام تراشیوں سے گریز کرنا ہوگا۔نئے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود آج بدھ کو اپنی زمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

Leave a Reply