سربیا کے صدر کا مستعفی ہو کر وزیرِاعظم کا انتخاب لڑنے کا عندیہ

سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیچ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر آئندہ پارلیمانی انتخابات میں وزیرِاعظم کے منصب کے لیے امیدوار بن سکتے ہیں۔

بلغراد۔11جون (اے پی پی):سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیچ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر آئندہ پارلیمانی انتخابات میں وزیرِاعظم کے منصب کے لیے امیدوار بن سکتے ہیں۔۔تاس کےمطابق ایک انٹرویو میں صدر ووچیچ نے کہا کہ وہ مستعفی ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں اور مناسب وقت آنے پر اس بارے میں باضابطہ اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا، "میں نے صدارتی رہائش گاہ سے اپنی کتابیں سمیٹنا شروع کر دی ہیں، کیونکہ میرے پاس کتابوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ ممکن ہے وہ تین یا چار ماہ کے انتظار کے بجائے اس سے بھی پہلے اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تقریباً روزانہ وزیرِاعظم کے منصب کے لیے انتخاب لڑنے کے امکان پر غور کرتے ہیں۔الیگزینڈر ووچیچ پہلی بار 2017 میں سربیا کے صدر منتخب ہوئے تھے اور 2022 میں دوبارہ اس عہدے پر فائز ہوئے۔ ان کی موجودہ صدارتی مدت 2027 میں مکمل ہوگی۔واضح رہے کہ ووچیچ نے 21 مئی کو اعلان کیا تھا کہ ملک میں پارلیمانی انتخابات رواں سال خزاں کے موسم میں، ستمبر کے آخر سے اکتوبر کے وسط کے درمیان کرائے جائیں گے۔