معاشی بحالی کے لیے برآمدات میں اضافہ اور صنعتی شعبے کی بہتری ناگزیر ہے، امام الدین شوقین

پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر اور چیئرمین پاپولر گروپ آف انڈسٹریز ملک امام الدین شوقین نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں صنعتی شعبے کی بہتری، برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ناگزیر ہیں۔

حیدرآباد۔ 11 جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر اور چیئرمین پاپولر گروپ آف انڈسٹریز ملک امام الدین شوقین نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں صنعتی شعبے کی بہتری، برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسی معاشی پالیسیاں متعارف کرانی چاہئیں جو صنعتکاروں کا اعتماد بحال کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کا باعث بن سکیں۔ اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملک امام الدین شوقین نے کہا کہ صنعتی شعبہ اس وقت ایک غیر متوازن معاشی ڈھانچے کے تحت کام کر رہا ہے جہاں معیشت کا بڑا حصہ درآمدات پر انحصار کرتا ہے ۔ ملکی درآمدات اور برآمدات کا تناسب ترقی پذیر معیشت کے لیے بہتر نہیں۔ اگر پاکستان کو معاشی استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کرنا ہوگا اور مقامی صنعتوں کو عالمی منڈی میں مقابلے کے قابل بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی بجٹ میں ایسی جامع پالیسیاں شامل کی جانی چاہئیں جو برآمدی صنعتوں کی حوصلہ افزائی کریں، پیداواری لاگت کم کریں، توانائی کے نرخوں میں توازن پیدا کریں اور صنعتکاروں کو جدید سہولیات فراہم کریں۔ ملک امام الدین شوقین نے کہا کہ حکومت کو معیشت کے استحکام کے لیے حقیقت پسندانہ فیصلے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد اور معاشی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نجکاری کے عمل کو میرٹ اور شفافیت کے ساتھ آگے بڑھانا چاہیے تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم ہو اور معیشت کو نئی سمت مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں حالیہ انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، جو وہاں کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی خواہشات، مقامی حقائق اور علاقائی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت سازی کے عمل میں حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کے فروغ، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی پارٹی عوامی خدمت کے اسی جذبے کے تحت کام کرے گی اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔