پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے بیلجئیم پہنچ گئی

پاکستان قومی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے بیلجئیم پہنچ گئی، جہاں ایئرپورٹ پر قومی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا

لاہور۔11جون (اے پی پی):پاکستان قومی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے بیلجئیم پہنچ گئی، جہاں ایئرپورٹ پر قومی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ پاکستانی کمیونٹی اور ہاکی شائقین نے کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قومی ٹیم ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کے یورپی مرحلے میں شرکت کرے گی، جس کے مقابلے 13 جون سے28 جون2026 تک بیلجئیم اور برطانیہ میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ میں دنیا کی بہترین ہاکی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں اور شائقین کو اعلی معیار کے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ قومی سکواڈ نے لیگ کے لیے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور ٹیم انتظامیہ کو کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ قومی ٹیم کا ہدف بین الاقوامی سطح پر بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کے لیے مثبت نتائج حاصل کرنا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق پرو ہاکی لیگ میں شرکت قومی ٹیم کے لیے عالمی معیار کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے اور اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کا اہم موقع ہے۔ ٹیم ایونٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔