سردار ایاز صادق سے امریکی کانگریس کے ارکان مائیکل جیمز باؤمگارٹنر اور ریان کیتھ زنکے کی ملاقات

"سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے امریکی کانگریس کے ارکان مائیکل جیمز باؤمگارٹنر اور ریان کیتھ زنکے نے ملاقات کی، جس میں پاک۔امریکہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔”

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے منگل کو امریکی کانگریس کے ارکان مائیکل جیمز باؤمگارٹنر اور ریان کیتھ زنکے نے ملاقات کی جس میں پاک۔امریکہ تعلقات اور پارلیمانی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ پاک۔امریکہ تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔ پارلیمانی سفارت کاری دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔امریکہ پارلیمانی روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان نے حالیہ علاقائی کشیدگی میں تحمل، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی ہر سفارتی کوشش کی حمایت کی۔ پاکستان تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کو ہی موثر راستہ سمجھتا ہے۔ امریکی کانگریس کے ارکان نے پرتپاک استقبال پر سپیکر سردار ایاز صادق کا شُکریہ ادا کیا اور امریکی کانگریس کے ارکان نے ایران امریکا جنگ کے دوران پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ فریقین نے پاک۔امریکہ تعلقات اور پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔