اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غزہ میں حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ فلسطینی خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث غزہ میں بے گھر فلسطینیوں …
سردار ایاز صادق کا غزہ میں طوفانی بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غزہ میں حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ فلسطینی خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہیں اور کمزور پناہ گاہیں و خیمے مزید غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔
خوراک، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی شدید قلت نے وہاں کے عوام کو انتہائی کٹھن حالات سے دوچار کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کے معصوم شہری ایک طرف شدید موسمی حالات اور دوسری جانب سنگین انسانی بحران کا دوہرا بوجھ برداشت کر رہے ہیں جبکہ قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹیں انسانی بحران کو مزید سنگین بنا رہی ہیں۔ انہوں نے موسمی طوفان کے دوران امداد کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت دشمن رویہ قرار دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ محاصرے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث غزہ میں تمام بنیادی خدمات مفلوج ہو چکی ہیں اور قابض قوتوں کی جانب سے عائد پابندیاں عوام کی تکالیف میں مسلسل اضافہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ موسمِ سرما کے پیشِ نظر غزہ کے لیے امدادی راہداریاں فوری طور پر کھلوانے کیلئے کردار ادا کرکے تاکہ متاثرہ عوام کو بروقت انسانی امداد فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہونے والے جانی نقصان پر پوری پاکستانی قوم غمزدہ ہے اور اس غم کی گھڑی میں پاکستان کی پارلیمان اور عوام غزہ کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے امتِ مسلمہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ غزہ کے مظلوم، بے گھر اور متاثرہ خاندانوں کی فوری اور مؤثر مدد کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری انسانی المیہ عالمی ضمیر کے لیے ایک کڑی آزمائش ہے جس کا تقاضا ہے کہ فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے غزہ کے متاثرہ خاندانوں کو سنگین موسمی حالات اور اسرائیلی جارحیت سے نجات دلانے ، شہداء کے درجات بلندی اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطاء فرمانے کیلیے دعا کی۔








