اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں سپیکر نے کہا کہ عید الفطر محض ایک تہوار نہیں بلکہ یہ خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبے کو فروغ دینے اور شکر گزاری کا درس دیتی ہے۔سپیکر نے زور دیا کہ موجودہ معاشی حالات کے …
سردار ایاز صادق کی عید الفطر پر پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو دلی مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستانی قوم اور تمام عالم اسلام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں سپیکر نے کہا کہ عید الفطر محض ایک تہوار نہیں بلکہ یہ خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبے کو فروغ دینے اور شکر گزاری کا درس دیتی ہے۔سپیکر نے زور دیا کہ موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر ہمیں اپنی ذاتی زندگیوں میں کفایت شعاری کو فروغ دینا ہوگا اور عید کی خوشیوں میں اپنے گردونواح میں موجود مستحق اور نادار افراد کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قومی استحکام کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون اور امن و امان کے قیام میں کردار ادا کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ پاکستان بھارتی حمایت یافتہ ’فتنہ الخوارج‘ کی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہم فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
سپیکر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے افسران و جوانوں کی بے مثال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔سپیکر نے عید کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کو اپنی دعائوں میں یاد رکھنے کی اپیل کی۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کی سیاسی، سماجی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے کے تنازعات کے پرامن حل کے لیے موثر کردار ادا کرے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد، یگانگت اور مشترکہ حکمت عملی اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ عید الفطر کا یہ بابرکت دن ہر پاکستانی کے لیے خوشی، امن اور خوشحالی کا پیغام ثابت ہو۔








