سرطان سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بروقت تشخیص، جدید علاج، مسلسل آگاہی اور مشترکہ قومی کوششیں ناگزیر ہیں، قائم مقام چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ سرطان ایک سنگین مگر قابل تدارک اور قابل علاج بیماری ہے جس سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بروقت تشخیص، جدید علاج، مسلسل آگاہی اور مشترکہ قومی کوششیں ناگزیر ہیں۔عالمی یوم انسداد سرطان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عالمی یوم انسداد سرطان ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ کینسر …

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ سرطان ایک سنگین مگر قابل تدارک اور قابل علاج بیماری ہے جس سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بروقت تشخیص، جدید علاج، مسلسل آگاہی اور مشترکہ قومی کوششیں ناگزیر ہیں۔عالمی یوم انسداد سرطان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عالمی یوم انسداد سرطان ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ کینسر کے خلاف جدوجہد صرف طبی مسئلہ نہیں بلکہ ایک اجتماعی سماجی ذمہ داری ہے۔

اس مرض کے اثرات صرف مریض تک محدود نہیں رہتے بلکہ اس کے اہل خانہ اور پورا معاشرہ اس سے متاثر ہوتا ہے، لہٰذا اس کے سدباب کے لیے مربوط، جامع اور پائیدار اقدامات کی ضرورت ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند طرز زندگی اپنانا، متوازن غذا کا استعمال، تمباکو نوشی اور مضر صحت عادات سے پرہیز، جسمانی سرگرمی اور باقاعدہ طبی معائنے کینسر سے بچائو میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں تشخیص نہ صرف علاج کو موثر بناتی ہے بلکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔

سیدال خان نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے، کینسر کے علاج و تحقیق کے اداروں کو مضبوط بنانے اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سرکاری و نجی شعبہ، طبی ماہرین، فلاحی تنظیمیں، سول سوسائٹی اور میڈیا باہمی تعاون کے ذریعے کینسر سے آگاہی پھیلانے اور اس کے خلاف موثر جدوجہد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کینسر کے مریضوں خصوصاً بچوں اور خواتین کی دیکھ بھال، علاج اور بحالی کے لیے خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف اور فلاحی اداروں کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تمام افراد انسانیت کی خدمت میں قابل قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔

اپنے پیغام میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ ترقی پذیر ممالک میں کینسر کے علاج، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور ادویات کی دستیابی کے لیے تعاون کو مزید وسعت دے، تاکہ صحت کے شعبے میں مساوی مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔ سیدال خان ناصر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کینسر کے خلاف عالمی سطح پر جاری کوششوں کا بھرپور حصہ بنتا رہے گا اور ایک ایسے صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے جہاں ہر شہری کو علاج اور صحت کی بنیادی سہولیات تک مساوی رسائی حاصل ہو۔

مزید خبریں