سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی 23 سے 25 اگست تک گلگت۔بلتستان کے علاقے شگر میں ہوگی

اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی 23 سے 25 اگست تک گلگت ۔بلتستان کے علاقے شگر(سکردو)میں منعقد ہوگی۔گلگت بلتستان سیکریٹریٹ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سرفرنگا جیپ ریلی میں 23اگست کو تمام گاڑیوں کا معائنہ کیا جائے گا،24 کو کوالیفائنگ رائونڈ جبکہ 25 اگست کو ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کی سیاحت کے فروغ میں …

اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی 23 سے 25 اگست تک گلگت ۔بلتستان کے علاقے شگر(سکردو)میں منعقد ہوگی۔گلگت بلتستان سیکریٹریٹ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سرفرنگا جیپ ریلی میں 23اگست کو تمام گاڑیوں کا معائنہ کیا جائے گا،24 کو کوالیفائنگ رائونڈ جبکہ 25 اگست کو ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کی سیاحت کے فروغ میں اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ سیاحت حکومت گلگت ۔بلتستان نے اس سال 23تا 25 اگست 2019ء کو اس میلے کا انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس میں نہ صرف پاکستانی ڈرائیور شرکت کریں گے بلکہ بین الاقوامی شہرت کے حامل ڈرائیورز کو بھی ریس میں مقابلے کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔اس سال ریس ٹریک کی لمبائی کو 40کلو میٹر سے بڑھا کر 60 کلو میٹر تک بڑھایا جائے گا ۔ نیز ریس کے ساتھ ساتھ علاقے کے رنگا رنگ ثقافتی شوز اور روایتی کھانے پینے کی اشیاء کی نمائش اس میلے کا اہم حصہ ہوں گے۔سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کے کامیاب انعقاد اور اس میلے کی پائیداری تب ہی ممکن ہے جب حکومتی اداروں کے ساتھ علاقے میں کام کرنے والے دیگر غیر سرکاری ادارے ، مالیاتی ادارے اور سب سے بڑھ کر عوام اور عوامی حلقے حکومت کا ساتھ دیں۔سال 2017ء میں منعقد ہونے والی سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے دنیا میں مشہور ہوا اور دوسرے ہی سال میں یہ پاکستان کی دوسری بڑی ریلی بن گئی ہے۔سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی 2017ء اور 2018ء کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان اور گلگت ۔بلتستان دنیا کے سیاحتی نقشے پر ایک منفرد سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر ہوا اور اس میلے کے انعقاد کی وجہ سے ہی بلتستان ریجن کی خوبصورت، رنگا رنگ اور جداگانہ ثقافت کی پوری دنیا میں تشہیر ہوگئی نیز ملک اور علاقے کا روشن چہرہ پوری دنیا کے سامنے روشناس ہوا۔یہاں پر اس امر کو بھی اجاگر کرنا انتہائی لازمی ہے کہ 2017ء اور 2018ء میں سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کے حوالے سے حکومتی خزانے سے کم سے کم فنڈز لئے گئے جبکہ اس میلے کے اکثر اخراجات پرائیویٹ اداروں اور کمپنیوں کی مالی معاونت کے ذریعے پورے کئے گئے جو کہ بالعموم گلگت ۔بلتستان اور بالالخصوص بلتستان ریجن میں کام کرنے والے تمام نجی اداروں کی بھی کامیابی تھی۔