نائب وزیرِ اعظم محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس، اسلامی تعاون تنظیم کی خواتین سے متعلق 9 ویں وزارتی کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین سے متعلق 9 ویں وزارتی کانفرنس کے لیے قائم اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے چھٹے اجلاس کی صدارت کی۔

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین سے متعلق 9 ویں وزارتی کانفرنس کے لیے قائم اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے چھٹے اجلاس کی صدارت کی۔ پاکستان 12 اور 13 جولائی کو اس اہم کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ بدھ کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں کانفرنس کی تیاریوں کے آخری مرحلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں پروگرام کے مسودۂ، کانفرنس کا ایجنڈا، پروٹوکول، سکیورٹی اور انتظامی و لاجسٹک انتظامات، میڈیا اور ابلاغی حکمتِ عملی، بین الوزارتی رابطے اور دیگر تنظیمی امور شامل ہیں۔ اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے اس بات پر غور کیا کہ کانفرنس کے کامیاب اور ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔

کانفرنس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک شرکت کریں گے جہاں خواتین کو بااختیار بنانے، شمولیت کے فروغ اور پائیدار ترقی کے حوالے سے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ نائب وزیرِ اعظم نے وزارتِ انسانی حقوق کی جانب سے کی گئی پیش رفت کو سراہا اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطے کو مزید مؤثر بناتے ہوئے باقی ماندہ انتظامات بروقت مکمل کریں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکرٹری انسانی حقوق عبدالخالق شیخ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔