سرمائی اولمپکس2026، انگلینڈکی مردوں کی ٹیم کرلنگ ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی، خواتین کی ٹیم ایونٹ سے باہر

کورٹینا۔20فروری (اے پی پی):انگلینڈٹیم کے کپتان بروس موئٹ اور ان کی ٹیم نے ناقابلِ شکست سوئٹزرلینڈ کو 5-8سے شکست دے کر مردوں کے کرلنگ مقابلوں کے فائنل میں جگہ بنا لی اور یوں سرمائی اولمپکس میں ٹیم برطانیہ کا چوتھا تمغہ یقینی ہوگیا ہے ۔ بی بی سی کے مطابق برطانوی ٹیم، جو موجودہ عالمی چیمپئن بھی ہے، 21 فروری بروز ہفتہ کو فائنل میں کینیڈا کا سامنا کرے گی …

کورٹینا۔20فروری (اے پی پی):انگلینڈٹیم کے کپتان بروس موئٹ اور ان کی ٹیم نے ناقابلِ شکست سوئٹزرلینڈ کو 5-8سے شکست دے کر مردوں کے کرلنگ مقابلوں کے فائنل میں جگہ بنا لی اور یوں سرمائی اولمپکس میں ٹیم برطانیہ کا چوتھا تمغہ یقینی ہوگیا ہے ۔ بی بی سی کے مطابق برطانوی ٹیم، جو موجودہ عالمی چیمپئن بھی ہے، 21 فروری بروز ہفتہ کو فائنل میں کینیڈا کا سامنا کرے گی اور 4 سال قبل بیجنگ میں جیتے گئے چاندی کے تمغے کو سونے میں بدلنے کے لیے پُرعزم ہے۔

بروس موئٹ کے ہمراہ گرانٹ ہارڈی، ہیمی میک ملن اور بوبی لیمی پر مشتمل سکاٹ لینڈ کے کھلاڑی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست حیثیت کے ساتھ اٹلی پہنچے تھے اور ان کا ہدف صرف طلائی تمغہ تھا۔ گروپ مرحلے میں مشکلات کے باوجود اور اٹلی کی شکست کے باعث اگلے مرحلے تک رسائی ملنے کے بعد اب وہ اپنے ہدف سے صرف ایک قدم دور ہیں۔ نائب کپتان گرانٹ ہارڈی نے اسے اپنی زندگی کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا ہے۔دوسری جانب برطانیہ کی خواتین ٹیم کی امیدیں ڈرامائی انداز میں دم توڑ گئیں۔

کپتان ربیکا موریسن کی قیادت میں برطانوی ٹیم نے اپنے آخری گروپ میچ میں اٹلی کو 4-7 سے شکست دی، تاہم سیمی فائنل تک رسائی کے لیے ضروری تھا کہ سوئٹزرلینڈ امریکا کو ہرائے۔ سنسنی خیز اضافی مرحلے تک مقابلہ جانے کے باوجود سوئس ٹیم کامیاب نہ ہو سکی، جس کے باعث برطانیہ کی فتح بے سود ثابت ہوئی اور خواتین ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔