سرکاری ادارے، سول سوسائٹی، میڈیا، غیر سرکاری تنظیمیں اور شہری ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ میں اپنا کردار ادا کریں، صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا انسانی حقوق کے بین الاقوامی دن پر پیغام

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا، غیر سرکاری تنظیموں اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ میں اپنا کردار ادا کریں، آئینِ پاکستان ہر شہری کو ذات، نسل، مذہب یا رنگ کے امتیاز کے بغیر آزادی کی ضمانت دیتا ہے، حکومتِ پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے پرعزم ہے اور …

اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا، غیر سرکاری تنظیموں اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ میں اپنا کردار ادا کریں، آئینِ پاکستان ہر شہری کو ذات، نسل، مذہب یا رنگ کے امتیاز کے بغیر آزادی کی ضمانت دیتا ہے، حکومتِ پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے پرعزم ہے اور وہ تمام شہریوں کی آزادی، وقار اور خود اعتمادی کے تحفظ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدرِ مملکت نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم اس ضرورت کو تسلیم کرتے ہیں کہ کمزور اور پسماندہ طبقات پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانونی، معاشی اور سماجی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم ہر فرد کی عزت، مساوات اور انصاف کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، چاہے اس کا تعلق کسی بھی نسل، مذہب، جنس، زبان یا سماجی حیثیت سے ہو۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ ہم سب انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھیں، ہمارا مذہب انسانی وقار، دوسروں کے احترام اور تمام انسانوں کی آزادی اور مساوات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہمارے عمل میں جھلکنا چاہئے، ہمیں احترام، برداشت اور باہمی وقار کا ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں ہر فرد خود کو محفوظ اور بااختیار محسوس کرے۔ صدرِ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اپنے لوگوں بالخصوص خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افرادکو قومی زندگی میں بھرپور شرکت کے قابل بنانا ہوگا، ہمیں سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے علمبرداروں، قومی اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اپنی مشترکہ اقدار کا تحفظ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو ایک ایسی ریاست کے طور پر تصور کیا تھا جہاں ہر مذہب اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگ ہم آہنگی اور وقار کے ساتھ رہ سکیں، اس وژن کا احترام کرنا اور ایک زیادہ جامع معاشرہ تشکیل دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صدرِ مملکت نے سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا، غیر سرکاری تنظیموں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ملک میں انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کو بھی اس دن کو عالمی سطح پر منانے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئیے آج انسانی حقوق کے بین الاقوامی دن پر اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم انسانی وقار کا دفاع کریں گے، مساوات کو فروغ دیں گے اور ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں ہر شہری خوف، جبر اور امتیاز سے آزاد زندگی گزار سکے۔ صدرِ مملکت نے دعا کی کہ یہ دن ہمیں بطور قوم اور بطور عالمی برادری اس بات کی طرف راغب کرے کہ ہم ہمیشہ انسانی حقوق کی بالادستی کو برقرار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ الّلہ تعالیٰ ہمیں کمزور اور پسماندہ طبقات کے تحفظ کی کوشش میں کامیابی عطا فرمائے۔

مزید خبریں