سرکاری ملازمین کیلئے زیر تعمیر رہائشی منصوبے جلد مکمل کئے جائیں ، وفاقی وزیرہائوسنگ مولانا عبدالواسع

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے سرکاری ملازمین کے لیے زیر تعمیر رہائشی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ پی ایچ اے ایف کوئٹہ کچلاک روڈ پراجیکٹ سے سرکاری ملازمین استفادہ کریں گے ، بلوچستان میں مزید ہائوسنگ منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے ۔

وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے وفاقی سیکرٹری وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس افتخار علی شلوانی کے ہمراہ جمعرات کو پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی فائونڈیشن کے کوئٹہ کچلاک روڈ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر منصوبے کے بارے میں مکمل بریفنگ دی گئی ۔

مولانا عبدالواسع نے پراجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے بلوچستان کے سرکاری ملازمین کو فائدہ پہنچے گا اور ایسے ملازمین کو اپنی چھت میسر ہو گی جن کے پاس اپنی رہائش نہیں ہے۔

وزیر ہائوسنگ نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں سرکاری ملازمین اور عام لوگوں کی سہولت کے لئے مزید سود مند ہائوسنگ منصوبے شروع کئے جائیں گے۔وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی نے کہا کہ اس پراجیکٹ میں الاٹیوں کی دلچسپی سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرکاری ملازمین کو اس طرح کے منصوبوں کی اشد ضرورت تھی۔

انہوں نے تمام الاٹیوں کو یقین دلایا کہ وزارت ان کے مفاد کا خیال رکھے گی اور کوئی تاخیری حربہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور پراجیکٹ کو مقررہ وقت پر پورا کیا جائے گا۔وفاقی وزیر کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایچ اے ایف کوئٹہ کچلاک روڈ پراجیکٹ میں چار مختلف کیٹیگریز کے 714 گرے سٹرکچر کے گھر اور 2 اور 3 بیڈ کے اپارٹمنٹس پر مشتمل 636 اپارٹمنٹس فراہم کئے جائیں گے۔

اس منصوبے میں پی ایچ اے ایف کی جانب سے کل 1350 یونٹ تعمیر کئے جائیں گے۔ منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہزارہ برادری کے شہداء کو بھی خصوصی کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ دیگر الاٹیوں میں وفاقی اور صوبائی ملازمین، عام افراد اور وزارت ہائوسنگ کے ملازمین شامل ہیں۔