وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کرکٹ چیمپئن لیگ کے سلسلے میں سرگودھا ڈویژن کے کرکٹ ٹرائلز تحصیل سپورٹس کیمپلیکس سرگودھا میں کامیابی سے مکمل ہو گئے۔
سرگودھا ڈویژن کے کرکٹ ٹرائلز مکمل

مزید خبریں
سرگودھا۔ 12 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کرکٹ چیمپئن لیگ کے سلسلے میں سرگودھا ڈویژن کے کرکٹ ٹرائلز تحصیل سپورٹس کیمپلیکس سرگودھا میں کامیابی سے مکمل ہو گئے۔ ٹرائلز کی نگرانی ڈویژنل سپورٹس آفیسر سرگودھاراناندیم انجم اورڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سرگودھا صائمہ منظور نے کی جبکہ ٹرائلز لینے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی خصوصی ٹیم جن میں ٹیسٹ کرکٹرز محمد طلحہ ، عمران علی ، سمیع اللّٰه نیازی ، محمد نواز بھی شامل تھے۔ٹیم نے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس اینڈ یوتھ افئیرز پنجاب کی جانب سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مبشر شاہین بھٹی نے بطور ابزرور شرکت کی ۔
ٹرائلز میں سرگودھا ڈویژن کے تمام اضلاع سرگودھا ، خوشاب ، میانوالی اور بھکر سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹرز نے بھرپور شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر خوشاب، بھکر اور میانوالی بھی موجود تھے۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ وزیر کھیل پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر میں کھیلوں کا فروغ اولین ترجیح ہے تاکہ باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کرکٹ چیمئن لیگ 2026ء نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ پی سی بی کے ماہر نمائندوں کی موجودگی میں شفاف انداز سے ٹرائلز کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سرگودھا ڈویژن کے باصلاحیت کھلاڑی لیگ میں نمایاں کارکردگی دکھا کر قومی سطح پر اپنا اور اپنے علاقے کا نام روشن کریں گے۔ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر میڈم صائمہ منظور نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرتے ہیں بلکہ مستقبل کے قومی کھلاڑی بھی یہی سے سامنے آتے ہیں۔ ان ٹرائلز کے ذریعے منتخب ہونے والے کھلاڑی اس ماہ کے آخر میں لاہور میں ہونے والی چیف منسٹر پنجاب چیمپئنز کرکٹ لیگ 2026 میں سرگودھا ڈویژن کی نمائندگی کریں گے ۔







