سعودی عرب، داخلی عازمین کے لئے پیکجز کی بکنگ کے مرحلے کا اعلان،حج پرمٹ کا اجرا یکم ذوالقعدہ سے ہو گا

ریاض۔5مارچ (اے پی پی):سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے حج سیزن 2026 کے لیے داخلی عازمین کے پیکجز کی بکنگ کے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق وزارت نےگزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ سعودی شہری اور اقامہ ہولڈرغیرملکی’’نسک‘‘ ایپ اور وزارت کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنی سہولت کے مطابق حج خدمات کے پیکجز بک کراسکتے ہیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ وہ شہری …

ریاض۔5مارچ (اے پی پی):سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے حج سیزن 2026 کے لیے داخلی عازمین کے پیکجز کی بکنگ کے مرحلے کا اعلان کر دیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق وزارت نےگزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ سعودی شہری اور اقامہ ہولڈرغیرملکی’’نسک‘‘ ایپ اور وزارت کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنی سہولت کے مطابق حج خدمات کے پیکجز بک کراسکتے ہیں۔

وزارت نے واضح کیا کہ وہ شہری اور مقیم غیر ملکی جنہوں نے پہلے مرحلے کے دوران اپنا ڈیٹا رجسٹر کیا تھا وہ نسک ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے اپنی سہولت کے مطابق پیکجز کا جائزہ لینے کے بعد انہیں منتخب اور بک کرسکتے ہیں۔ پیکج بک کرنے کے بعد بکنگ انوائس جاری ہوگی، ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل ’’سداد‘‘ سسٹم کی سہولت فراہم کی گئی ہے، پیکج کی بکنگ و دیگر امور خود کار سسٹم کے تحت ہوں گے۔ داخلی حج پیکج بک کرنے کے بعد ادائیگی کے لیے درخواست گزار کے پاس 72 گھنٹے ہوں گے اور یہ مہلت 14 مئی تک رہے گی جبکہ 15 مئی سے ادائیگی کی مہلت کم کرکے 6 گھنٹے کردی جائے گی جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ عازمین کو بکنگ کا موقع فراہم کرنا ہے۔

بکنگ کے بعد مقررہ وقت میں ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں بکنگ خود کار نظام کے تحت منسوخ ہو جائے گی۔ وزارت نے کہا کہ حج پرمٹ کا اجرا یکم ذوالقعدہ سے ابشر کے ذریعے کیا جائے گا جبکہ بکنگ کی منسوخی مقررہ پالیسی کے تحت کی جائے گی ۔ پیکج کی منسوخی کے لیے نسک پورٹل پر سہولت فراہم کی گئی ہے۔

پرمٹ جاری ہونے سے پہلے 30 شوال 1447 ہجری تک بغیر کٹوتی بکنگ منسوخ کرنے کی اجازت ہے، اس کے بعد مخصوص ریفنڈ پالیسی اور کٹوتی لاگو ہوگی۔ یکم ذوالقعدہ سے آخر تک دس فیصد کٹوتی ہوگی جبکہ پرمٹ جاری ہونے کے بعد یکم ذوالحجہ 1447 ہجری سے منسوخی پر کوئی رقم واپس نہیں کی جائے گی جب تک پورٹل بند نہ ہو جائے۔ وزارت نے داخلی عازمین کو ہدایت کی کہ وہ جلد اپنا مطلوبہ پیکج بک کرلیں اور مقررہ وقت کے اندر ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ منسوخی سے بچ سکیں۔ عازمین تمام شرائط کا بغور جائزہ لیں تاہم کسی بھی رہنمائی کے لیے یونیفائیڈ کال سینٹر 1966 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔