سعودی عرب، فٹ بال کلب النصر کی ویمن ٹیم کی برازیلین کھلاڑی کیتھلین سوزا نے اسلام قبول کر لیا

ریاض ۔21فروری (اے پی پی):سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر نے ویمن ٹیم کی برازیلین کھلاڑی کیتھلین سوزا کے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے،کلب کی خواتین کھلاڑیوں نے کیتھلین سوزا کے قبول اسلام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی اور انہیں مبارکباد دی۔العربیہ کے مطابق النصرکلب نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا کہ ہم اپنی کھلاڑی کیتھلین سوزا کی …

ریاض ۔21فروری (اے پی پی):سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر نے ویمن ٹیم کی برازیلین کھلاڑی کیتھلین سوزا کے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے،کلب کی خواتین کھلاڑیوں نے کیتھلین سوزا کے قبول اسلام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اعزاز میں تقریب منعقد کی اور انہیں مبارکباد دی۔العربیہ کے مطابق النصرکلب نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا کہ ہم اپنی کھلاڑی کیتھلین سوزا کی زندگی کے اہم لمحے میں ان کے ساتھ ہیں اور رب کریم سے دعا گو ہیں کہ وہ انہیں استقامت عطا فرمائے اوران کے دل کو اطمینان اور سکون سے بھردے۔

ایکس اکاؤٹ پر کیتھلین سوزا نے قبول اسلام کے حوالے سے کہا کہ کافی عرصے سے اپنے لیے صرف درست راستے کی تلاش میں تھی تاکہ اپنے لیے بہترین راستے کا انتخاب کرسکوں۔واضح رہے 29 سالہ کیتھلین سوزا ریاست ساؤپاؤلو میں پیدا ہوئیں، وہ اطالوی کلب انٹر میلان کے لیے سینٹربیک کے طور پرکھیلتی رہیں اور سعودی عرب کے النصرکلب میں شامل ہونے سے قبل 2022 سے 2024 تک ریال میڈرڈ سے منسلک تھیں۔

کیتھلین کو بچپن سے فٹ بال کا شوق تھا ،انہوں نے اس کا آغاز برازیل میں سینٹوس ایف سی نوجوان ٹیموں میں ایک مختصر مدت کے لیے کیا، بعدازاں وہ امریکا منتقل ہو گئیں جہاں انہوں نے سنٹرل فلوریڈا کی یونیورسٹی لوئس ول میں تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی اسلام قبول کرنے کے حوالے سے مختصر وڈیوپیغام بھی جاری کیا جس میں انہیں اپنی ساتھیوں کے ساتھ مسجد الحرام میں عمرہ کی ادائیگی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے کیتھلین سوزا کے قبول اسلام کی ویڈیو کو سب سے خوبصورت ویڈیو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسجد الحرام میں خاتون پلیئر کی اپنے ساتھیوں کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کے مناظر محض ذاتی لمحے نہیں بلکہ ان کی مسرت اور سکون کے عکاس ہیں جو انہوں نے قبول اسلام کے بعد اپنے دل میں محسوس کیے۔