ریاض ۔21فروری (اے پی پی):سعودی عرب سرمایہ کاری کو راغب کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہو گیا۔ العربیہ کے مطابق سعودی وزیر سرمایہ کاری نے امریکا میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ترجیحی سمٹ کے دوران ایک ڈائیلاگ سیشن کے دوران گفتگو میں کہا کہ بہت سے ایسے اشارے ہیں جن پر ہمیں روشنی ڈالنی چاہیے۔خاص طور پر سعودی عرب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ اب 40 ہزار سرمایہ کاروں تک پہنچ گیا ہے ۔ سعودی عرب کے ویژن 2030 کے آغاز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی تعداد 7 ہزار تھی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ مملکت کی مجموعی گھریلو پیداوار اس وقت صرف تیل اور گیس پر منحصر نہیں ہے۔
واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میامی میں "مقصد پر مبنی سرمایہ کاری”کے عنوان سے سعودی فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کے زیر اہتمام ترجیحی سمٹ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز کیا ہے۔ اپنی ابتدائی تقریر میں ٹرمپ نے سعودی عرب اور اس کی ممتاز قیادت کا شکریہ ادا کیا اور یہ بھی کہا کہ امریکہ کے سنہری دور کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے۔