سعودی عرب میں ’’سیف السلام 12‘‘ فوجی مشقیں شروع

28
Saudi Arabia
Saudi Arabia

ریاض ۔26فروری (اے پی پی):سعودی عرب کے شمالی علاقے میں ’’سیف السلام 12‘‘ فیلڈ مشقیں شروع ہوگئی ہیں، جن میں فوجی دستے ، مسلح افواج کی مختلف شاخیں، وزارت داخلہ اور نیشنل گارڈ کے ساتھ ساتھ ریاستی سلامتی کے ادارے حصہ لے رہے ہیں۔

العربیہ اردو کے مطابق مشق کے ترجمان میرین کرنل علی بن حسن آل علی نے کہا کہ مشقوں میں فضائی کارروائیاں اور دفاعی جوابی فضائی کارروائیاں بھی کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ تزویراتی حملوں کی کارروائیوں کے علاوہ فضائی رکاوٹ بننے، دشمن کے فضائی اہداف سے نمٹنے، باقاعدہ اور بے قاعدہ جنگی کارروائیاں کرنے جیسی مشقیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مشق کے میدانی حربے پہلے مراحل کی کامیابی اور تکمیل کے بعد آتے ہیں، اس سے قبل تیاری اور سازوسامان، آپریشنل منصوبہ بندی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے ، فوجی دستوں کی آمداور تعلیمی تربیت کا مرحلہ آتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ زمینی مشقوں میں ملکی بحریہ بھی شامل ہو گی جو خلیج عرب اور بحیرہ احمر میں اپنے آپریشنز کے علاقوں میں مشقیں کرےگی۔ اس میں ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کی تربیت بھی شامل ہو گی۔ کرنل علی نے وضاحت کی کہ مشق کا یہ مرحلہ افواج کی چیلنجز اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیاری کو بہتر بناتا ہے۔


Community Verified icon