سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف مرکز نے غزہ میں سکول قائم کر دیا

سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف مرکز نے جنوبی غزہ میں انسانی ہمدردی کے منصوبے کے تحت محفوظ تعلیمی مراکز قائم کرنے اور چلانے کے لیے ’’ مکہ سکول‘‘ کا افتتاح کر دیا ہے جس کی ابتدائی گنجائش ایک ہزار طلبہ پر مشتمل ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں اسے بڑھا کر چار ہزار طلبہ تک پہنچا دیا جائے گا

ریاض۔10اگست (اے پی پی):سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف مرکز نے جنوبی غزہ میں انسانی ہمدردی کے منصوبے کے تحت محفوظ تعلیمی مراکز قائم کرنے اور چلانے کے لیے ’’ مکہ سکول‘‘ کا افتتاح کر دیا ہے جس کی ابتدائی گنجائش ایک ہزار طلبہ پر مشتمل ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں اسے بڑھا کر چار ہزار طلبہ تک پہنچا دیا جائے گا۔العربیہ اردو کے مطابق سکول کا افتتاح غزہ میں فلسطینی عوام کی امداد کے لیے چلائی جانے والی سعودی عوامی مہم کے تحت اور متاثرہ اہم شعبوں بالخصوص تعلیمی شعبے کی معاونت کے دائرہ کار میں عمل میں آیا ہے تاکہ ہزاروں بچوں کو زیادہ محفوظ تعلیمی ماحول میں دوبارہ درس گاہوں میں واپس آنے کا موقع مل سکے۔مکہ سکول میں پہلے مرحلے میں ایک ہزار طلبہ کو تعلیم دی جائے گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کے لیے ملازمت کے 32 مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے ، اس کے بعد طلبہ کی تعداد کو بڑھا کر چار ہزار تک پہنچایا جائے گا۔افتتاحی تقریب میں تعلیمی، قومی، بین الاقوامی اور مقامی اداروں کے نمائندوں کے علاوہ متعدد شخصیات اور علاقے کے معززین نے بھی شرکت کی۔غزہ کی پٹی میں سعودی مرکز برائے ثقافت اور ورثہ کے سربراہ ڈاکٹر عصام ابو خليل نے کہا ہے کہ مکہ سکول کا افتتاح تعلیمی عمل کو بحال کرنے اور ایک محفوظ اور حوصلہ افزا ماحول میں بچوں کی عام زندگی کے ایک حصے کو واپس لانے کے لیے امید کی ایک کرن کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ فلسطینی عوام کے لیے سعودی عرب کے مسلسل تعاون کی عکاسی کرتا ہے، خاص طور پر تعلیمی شعبے میں یہ اقدام مملکت کے تعاون کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے سیکھنے کے حق کا تحفظ انسانی امداد کے بنیادی محورمیں سے ایک ہے۔دوسری طرف مشرقی خان یونس کے ڈائریکٹر برائے تعلیم و تربیت ڈاکٹر إبراہيم رمضان نے سکول کے افتتاح کو تعلیمی عمل کو بحال کرنے اور متاثرہ تعلیمی شعبے کے ایک حصے کی دوبارہ تعمیر کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشکل انسانی حالات کے سائے میں تعلیم کا جاری رہنا زندگی کا ایک پیغام ہے ۔ یہ بچوں کے مستقبل کو محفوظ رکھنے اور بحران کے اثرات سے نکلنے کی ان کی صلاحیت کو سپورٹ کرنے کی بنیاد ہے۔افتتاحی تقریب میں متعدد پروگرام، فنی اور ثقافتی نمونے پیش کیے گئے، جس کے بعد افتتاحی فیتہ کاٹا گیا اور سکول کے حصوں کا دورہ کیا گیا، جس میں ہال، تعلیمی آلات اور طلباکے استقبال کے لیے مخصوص سہولیات شامل تھیں۔سکول کو مناسب تعلیمی ماحول فراہم کرنے اور تعلیم کے تسلسل میں مدد دینے اور بچوں پر تعلیمی تعطل کے اثرات کو کم کرنے کے لیے درکار سازوسامان سے آراستہ کیا گیا ہے۔