سعودی ولی عہد سے کینیڈین وزیر اعظم کی ٹیلی فونک گفتگو،غزہ کی صورتحال اور امن بارے تبادلہ خیال کیا

ریاض ۔21اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹیلی فونک گفتگوکی اور غزہ کی پٹی میں موجودہ کشیدگی کی صورت حال بارے تفصیلی بات چیت کی۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتے شہریوں پر حملے بند کرنے اور محصورین تک فوری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت …

ریاض ۔21اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹیلی فونک گفتگوکی اور غزہ کی پٹی میں موجودہ کشیدگی کی صورت حال بارے تفصیلی بات چیت کی۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتے شہریوں پر حملے بند کرنے اور محصورین تک فوری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت سے اتفاق کیا۔انہوں نے جنگ سے تباہ حال علاقے میں طبی ٹیموں کو رسائی دینے، زخمیوں کا علاج کرنے، ادویہ کی فراہمی اور غزہ کا محاصرہ فوری ختم کرنے پر بھی زور دیا۔قبل ازیں فرانسیسی صدر عمانویل میکروں نے شہزادہ محمد بن سلمان سے فون پر بات کی۔

ولی عہد نے خطے اور دنیا میں سلامتی اور استحکام پر غزہ جنگ کے خطرناک اثرات سے بچنے کے لیے کشیدگی کو کم کرنے اور تشدد کا دائرہ پھیلنے سے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ ان کا ملک شہریوں کو حملوں کا نشانہ بنانے کی مخالفت کرتا ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری اور شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کے خلاف فوجی کارروائیوں کو روکنے اور فلسطینی ریاست کے قیام سے دیرپا امن کے حصول کے لیے حالات پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔