سمارٹ مینجمنٹ پریکٹس سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے 5ملین یورو کا خصوصی ریوالونگ فنڈ قائم کردیا گیا، سینئر ڈائریکٹر ورلڈ وائیڈ فنڈ

فیصل آباد ۔22جنوری (اے پی پی):سمارٹ مینجمنٹ پریکٹس سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے 5ملین یورو کا خصوصی ریوالونگ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے ٹیکسٹائل اور لیدر کی برآمدات بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔ یہ بات ورلڈ وائیڈ فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے سینئر ڈائریکٹر برائے پانی، خوراک اور ماحول ڈاکٹر مسعود ارشدمخدوم نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ …

فیصل آباد ۔22جنوری (اے پی پی):سمارٹ مینجمنٹ پریکٹس سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے 5ملین یورو کا خصوصی ریوالونگ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے ٹیکسٹائل اور لیدر کی برآمدات بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔

یہ بات ورلڈ وائیڈ فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے سینئر ڈائریکٹر برائے پانی، خوراک اور ماحول ڈاکٹر مسعود ارشدمخدوم نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ سے ایک ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ناماکے نام سے جرمنی اور یوکے کے مشترکہ کنسورشیم نے ترقی پذیر ملکوں کو گرین پریکٹسز کی طرف لانے کیلئے مالی وسائل مہیا کئے ہیں۔

ناماکے بارے میں انہوں نے بتایا کہ نیشنل اپرووڈ میٹی گیشن ایکشن کا بنیادی مقصد ماحولیات کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج کو کم کرنا ہے اور ناماکے قابل عمل ہونے کے بارے میں ایک مطالعاتی رپورٹ چھ ماہ میں تیار کی جائے گی تاکہ اس سکیم کو پاکستان کے زمینی حقائق سے ہم آہنگ کر کے اس سے بھر پور فائدہ اٹھایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ گرین بینکنگ کیلئے بھی راہنما اصولوں کا تعین کیا جا رہا ہے جس کے تحت سولر انرجی کیلئے بینک کم مارک اَپ پر قرضے دے رہے ہیں اسی طرح چھوٹی صنعتوں کی استعداد کار کو بڑھانے اور ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے بھی قرضے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صدر عاطف منیر شیخ نے نیشنل انرجی ایفی شنسی اور کنزرویشن اتھارٹی کے زیر اہتمام فیصل آباد میں ہونے والی حالیہ میٹنگ کا ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے بھی بجلی کے ضیاع کو روکنے کیلئے اچھے اقدامات تجویز کئے ہیں تاہم ان کے بارے میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو آگاہی دینے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں صنعتیں قائم کرنے والوں کی اب دوسری نسل میدان میں آچکی ہے یہ زیادہ پڑھے لکھے نوجوان ہیں جو پرانے کلچر کو تبدیل کر کے جدت کی طرف گامزن ہیں امید ہے کہ نئی منصوبہ بندی سے اس صورتحال میں مزید بہتری آئے گی اور اس کے نتیجہ میں ہماری برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے سینئر ڈائریکٹر سے کہا کہ وہ”ناما“کے بارے میں انہیں تفصیلات ارسال کریں تاکہ اِن کو فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے 8000ممبران میں سرکولیٹ کیا جا سکے۔ انہوں نے اس حوالے سے ایک آگاہی سیشن رکھنے کی بھی تجویز دی تاکہ اس میں اداروں کے متعلقہ سٹاف کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف کی ٹیم کو خاص طور پر آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن اور پاکستان ہوزری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کو بھی اعتماد میں لینا چاہیے۔

 

مزید خبریں