سمبڑیال میں خستہ دیواروں اور پلّیوں کو خوبصورت آرٹ ورک میں تبدیل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ کی زیر نگرانی میونسپل کمیٹی سمبڑیال کی جانب سے شہر کی خوبصورتی اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اور منفرد اقدام اٹھایا گیا ہے، خستہ حال دیواروں اور غیر دلکش کلورٹ (پلّی) کو خوبصورت آرٹ ورک اور دلکش رنگوں سے مزین کرکے عوام کے لیے ایک پرکشش …
سمبڑیال میں خستہ دیواروں اور پلّیوں کو خوبصورت آرٹ ورک میں تبدیل کردیا گیا
سیالکوٹ ۔ 05 جون (اے پی پی):سمبڑیال میں خستہ دیواروں اور پلّیوں کو خوبصورت آرٹ ورک میں تبدیل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ کی زیر نگرانی میونسپل کمیٹی سمبڑیال کی جانب سے شہر کی خوبصورتی اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اور منفرد اقدام اٹھایا گیا ہے، خستہ حال دیواروں اور غیر دلکش کلورٹ (پلّی) کو خوبصورت آرٹ ورک اور دلکش رنگوں سے مزین کرکے عوام کے لیے ایک پرکشش منظر میں تبدیل کر دیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت دیواروں اور پلّیوں کی دیواروں پر روایتی طرز کے آرائشی ڈیزائن اور شوخ رنگوں کا استعمال کیا گیا، جس سے نہ صرف اس مقام کی ظاہری خوبصورتی میں اضافہ ہوا بلکہ شہری ماحول بھی مزید خوشگوار بن گیا۔
مقامی شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے منصوبے شہر کی شناخت کو بہتر بنانے اور عوام میں جمالیاتی ذوق کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ نے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ خوبصورتی کے ایسے منصوبے عوام کے لیے خوشگوار ماحول فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور مستقبل میں بھی شہر کے مختلف مقامات کو مزید خوبصورت بنانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔









