وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ میں پولیو وائرس کے خاتمے کی کوششوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور حالیہ ماحولیاتی نمونوں کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔
سندھ میں پولیو وائرس کے خاتمے کی کوششوں کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، وفاقی وزیر صحت
اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ میں پولیو وائرس کے خاتمے کی کوششوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور حالیہ ماحولیاتی نمونوں کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق صوبے سے حاصل کیے گئے 29 ماحولیاتی نمونوں میں سے 28 منفی رپورٹ ہوئے جو اگست 2023 کے بعد منفی ماحولیاتی نمونوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ وزیر صحت کے مطابق کراچی ڈویژن میں پولیو وائرس کی گردش میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جہاں 12 میں سے 11 ماحولیاتی نمونے پہلی مرتبہ منفی رپورٹ ہوئے ۔ اسی طرح سندھ کے دیگر ڈویژنز سے حاصل کیے گئے تمام 17 ماحولیاتی نمونے بھی منفی آئے جو انسدادِ پولیو اقدامات کی مؤثر حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ قمبر اور کشمور میں طویل عرصے بعد پولیو وائرس کی گردش کا خاتمہ خوش آئند پیش رفت جبکہ بدین اور میرپورخاص میں مسلسل دوسرے ماہ بھی ماحولیاتی نمونوں کا منفی آنا اہم کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور وفاقی و صوبائی اداروں، شراکت دار تنظیموں اور دیگرسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے جامع اقدامات جاری ہیں۔ وزیر صحت نے بتایا کہ سال 2026 کے دوران دو قومی اور ایک ذیلی انسدادِ پولیو مہم کامیابی سے منعقد کی جا چکی ہیں جبکہ جولائی 2026 میں کراچی میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم بھی چلائی جائے گی تاکہ وائرس کی باقی ماندہ منتقلی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیو فری پاکستان حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر بچے کو اس مرض سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رہیں گے۔









